اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ ، پاکستان اور بھارت مد مقابل
11 مئی 2011آج یعنی بدھ کو کھیلے جا رہے اس میچ سے قبل پاکستانی قومی ہاکی ٹیم کے منیجر خواجہ محمد جنید نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ساتھ کھیلے جانے والا ہر میچ تناؤ سے بھر پور ہوتا ہے تاہم ان کی کوشش ہو گی کے ان کے تمام کھلاڑی جذباتی انداز اپنائے بغیر ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کریں،’ ہمیں اپنے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنا ہو گا، خدا کو معلوم ہے کہ جیت کس کا مقدر بنتی ہے‘۔
جنید نے کہا کہ ان کے نوجوان کھلاڑی ہر میچ کے ساتھ ساتھ اپنی کارکردگی میں بہتری پیدا کر رہے ہیں،’ بھارت کی ٹیم میں بھی کئی کھلاڑی ناتجربہ کار ہیں اور وہ پہلی مرتبہ اس لیول کی ہاکی کھیل رہے ہیں‘۔ تاہم انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے لیے پوائنٹس انتہائی اہم ہیں۔
دوسری طرف بھارتی کوچ ہریندر سنگھ نے بھی کچھ ایسے ہی خیالات کا اظہار کیا ہے۔ ان کے بقول پاکستان کے خلاف کھیلے جانے والے اس میچ میں جذبات کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے اور تمام کھلاڑیوں کو سمجھ بوجھ اور احساس ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔
اس وقت بھارت کی ٹیم سات پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے مقام پر براجمان ہے جبکہ پاکستان کی ٹیم چھ پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن ہے۔ دونوں ٹیموں نے ابھی دو دو میچ کھیلنے ہیں۔
آج دونوں ٹیمیں 149ویں میچ میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گی۔ اس سے قبل پاکستان نے 74 جبکہ بھارت نے 49 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ 25 میچ برابر رہے۔ دونوں ٹیموں نے پہلی مرتبہ 1956ء میں ایک دوسرے کا سامنا کیا تھا۔
اس ٹورنامنٹ میں پاکستان نے اپنے ابتدائی دو میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی تاہم اگلے دونوں میچوں میں اسے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دو کے مقابلے میں چار گول اور جنوبی کوریا کو بھی اتنے ہی فرق سے ہرایا۔ لیکن بعد میں اسے انگلینڈ کے ہاتھوں دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست ہوئی۔ آسٹریلیا کی ٹیم سے پاکستانی ٹیم نے بڑے فرق سے میچ ہارا۔ آسٹریلوی ٹیم نے پانچ گول کیے اور پاکستانی ٹیم صرف ایک گول کر سکی۔
اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے سلسلے میں آج نیوزی لینڈ اور ملائیشیا کی ٹیمیں جبکہ آسٹریلیا اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں بھی مد مقابل ہوں گی۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: عابد حسین