1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان میں طالبان کی اجتماعی قبر، اوباما کی طرف سے تفتیش کا وعدہ

رپورٹ:ندیم گل، ادارت:مقبول ملک13 جولائی 2009

امریکی صدر باراک اوباما نے قومی سلامتی کی اپنی ٹیم کو افغانستان میں طالبان کی ایک اجتماعی قبر سے متعلق رپورٹوں کی تفتیش کا حکم دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/Im7b
تمام معلومات حاصل ہونے کے بعد ہی آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا، اوباماتصویر: AP

ان رپورٹوں کے مطابق امریکہ کی اتحادی ناردرن الائنس افغانستان میں تقریبا دوہزار طالبان جنگی قیدیوں کی ہلاکت کی ذمہ دار ہے۔ایک امریکی ٹیلی ویژن کے ساتھ انٹرویو میں صدر اوباما نے کہا کہ اگر امریکہ نے بین الاقوامی روایات کی خلاف ورزی کی ہے تو وہ اس بارے میں حقائق جاننا چاہیں گے۔

Afghanistan Taliban
طالبان کے جنگی قیدی دم گھٹنے سے ہلاک ہو گئے تھے، امریکی محکمہ خارجہتصویر: AP

امریکی خبر رساں ادارے AP کے مطابق نومبر 2001 میں شمالی اتحاد نے ہتھیار ڈالنے والے تقریبا دو ہزار طالبان کو کنٹینروں میں بھر کر کسی دوسرے مقام پر منتقل کرنے کی کوشش کی تھی۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ایک رپورٹ کے مطابق طالبان کے جنگی قیدیوں کو اجتماعی قبر میں دفنا دیا گیا تھا۔ شمالی اتحاد کے فوجیوں کا بھی یہ کہنا ہے کہ انہوں نے ان کنٹینروں پر فائرنگ کی تھی۔

ادھر مغربی دفاعی اتحاد نیٹو نے کہا ہے کہ افغانستان میں مختلف بم دھماکوں میں دو اور اتحادی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ نیٹو نے اتوار کو اپنے ایک اعلامئے میں بتایا کہ یہ فوجی ہفتے کو ہلاک ہوئے۔ دوسری جانب افغانستان میں امریکی افواج کی ایک خاتون ترجمان نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دونوں فوجی امریکی تھے۔ واضح رہے کہ ISAF نے قبل ازیں اپنے اعلامئے میں نیٹو کے چار فوجیوں کی ہلاکت کا ذکر کیا تھا تاہم بعد میں بتایا گیا کہ صرف دو فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔

Jahresrückblick 2007 April Tornados nach Afghanistan
افغانستان میں تقریبا 90 ہزار غیرملکی فوجی طالبان عسکریت پسندوں کا مقابلہ کر رہے ہیںتصویر: AP

جمعہ کو افغانستان میں برطانیہ کے بھی آٹھ فوجی ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد2001 سے اب تک وہاں ہلاک ہونے والے برطانوی فوجیوں کی مجموعی تعداد عراق میں اب تک ہلاک ہونے والے لندن کے فوجیوں کی مجموعی تعداد سے تجاوز کر کے 184 ہو چکی ہے۔

حالیہ کچھ دنوں میں افغانستان میں برطانوی فوجیوں کی پے درپے ہلاکتوں نے لندن حکومت کو وضاحتیں دینے پر مجبور کردیا ہے۔ وزیراعظم گورڈن براؤن کو ارکان پارلیمان کے نام ایک خط لکھنا پڑا ہے جس میں انہوں نے حکومت کی افغانستان کے لئے پالیسی کو درست قررا دیا ہے۔

افغانستان میں تعینات غیرملکی فوجیوں میں سے بیشتر کا تعلق امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا سے ہے۔ رواں سال اب تک اتحادی افواج کے لئے انتہائی خطرناک ثابت ہو رہا ہے۔ عراق اور افغانستان میں فوجیوں کی ہلاکتوں کا ریکارڈ رکھنے والے ایک خودمختار بین الاقوامی ادارے کے مطابق اس سال اب تک افغانستان میں 192 اتحادی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں اور اس تعداد میں حالیہ ہلاکتیں شامل نہیں ہیں۔