القاعدہ کے نو جنگجو پکڑ ليے، بھارت کا دعویٰ
19 ستمبر 2020بھارتی نيشنل انويسٹيگيشن ايجنسی (NIA) نے دہشت گرد نيٹ ورک القاعدہ کے نو مشتبہ جنگجوؤں کو پکڑنے کا دعوی کيا ہے۔ اس بارے ميں ايجنسی نے ہفتہ انيس ستمبر کو بتايا۔ نيشنل انويسٹيگيشن ايجنسی کے مطابق يہ جنگجو دارالحکومت نئی دہلی سميت بھارت کے مختلف شہروں ميں دہشت گردانہ کاررائيوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
’ہم کسی سے نہیں ڈرتے،‘ القاعدہ کی دھمکی پر بھارت کا رد عمل
چوٹی کے کشمیری جنگجو رہنما موسیٰ ہلاک، بھارتی پولیس
بھارت ميں انسداد دہشت گردی سے متعلق آپريشنز کی نگران اين آئی اے کی جانب سے جاری کردہ بيان ميں کہا گيا ہے، ''يہ گروپ بھارت ميں اہم تنصيبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی ميں مصروف تھا۔ ان کا مقصد معصوم شہريوں کا قتل اور عوام ميں دہشت پھيلانا تھا۔‘‘ ايجنسی نے چھاپوں ميں تيز دھار ہتھياروں اور داخلی سطح پر تيار کردہ آتشی اسلحے کو اپنی تحويل ميں لينے کا بھی بتايا ہے۔ بتايا گيا ہے کہ مزيد تفتيش کے بعد ملزمان کو عدالت ميں پيش کيا جائے گا۔
چھ مشتبہ جنگجوؤں کو مغربی بنگال سے جبکہ تين کو جنوبی رياست کيرالا سے حراست ميں ليا گيا۔ بھارتی نيشنل انويسٹيگيشن ايجنسی نے الزام عائد کيا ہے کہ ان تمام کا تعلق دہشت گرد گروہ القاعدہ کی پاکستانی شاخ سے ہے۔ فوری طور پر پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے اس معاملے پر کوئی رد عمل ظاہر نہيں کيا گيا تاہم ماضی ميں پاکستان ايسے الزامات رد کرتا آيا ہے۔
بھارت کے زير انتظام کشمير ميں عليحدگی پسندوں کے خلاف کارروائيوں ميں حاليہ دنوں ميں تيزی ديکھی گئی ہے۔ بھارت کے ديگر حصوں ميں بھی حاليہ دنوں ميں انسداد دہشت گردی کی کارروائيوں ميں اضافہ نوٹ کيا گيا ہے۔ پچھلے سال بھارتی دستوں نے کشمير ميں القاعدہ سے منسلک ايک ليڈر کو ہلاک کر ديا تھا، جس کے رد عمل ميں احتجاج و مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گيا تھا۔
ع س / ع آ )ڈی پی اے، روئٹرز(