عمران خان پانچ سال کے لیے نااہل، الیکشن کمیشن کا فیصلہ
21 اکتوبر 2022کمیشن کے فیصلے کے مطابق عمران خان پر اپنے اثاثے چھپانے کا الزام بھی ثابت ہو گیا تھا۔ اس فیصلے کے بعد پہلے ہی مالیاتی اور اقتصادی بحران کے شکار اور حالیہ سیلابوں سے انتہائی بری طرح متاثر ہونے والے ملک پاکستان میں موجودہ سیاسی بے یقینی کی صورت حال میں شدت کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
عمران خان کے ترجمان فواد چوہدری نے اسلام آبا دمیں صحافیوں کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے اس رہنما کے خلاف ریفرنس میں کافی عرصے سے التوا میں پڑا ہوا اپنا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں نااہل قرار دے دیا ہے۔ ساتھ ہی عمران خان اب قومی اسمبلی کے رکن بھی نہیں رہے۔
فواد چوہدی نے اپنے بیان میں الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کی مذمت بھی کی۔ عمران خان کو اسی سال موسم بہار میں متحدہ اپوزیشن نے ان کے خلاف پارلیمانی عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے اقتدار سے باہر کر دیا تھا۔
سابق وزیر اعظم خان کے وکیل گوہر خان نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں عمران خان کو کسی بھی عوامی عہدے پر انتخاب یا تعیناتی کے لیے پانچ سال کے لیے نا اہل قرار دیا ہے۔
م م / ش ح (اے پی، اے ایف پی)