1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا میں متعدد ہلاکتوں کا باعث بننے والا گردن توڑ بخار

Kishwar Mustafa12 اکتوبر 2012

امریکی حکام کے مطابق 10 ریاستوں میں گردن توڑ بخار کی اس وبا سے متاثر 119 سے زائد افراد کے اس مرض کا شکار ہونے کی باقاعدہ تصدیق ہوگئی ہے، جوایک ناقص انجیکشن سے پھیلی ہے۔

https://p.dw.com/p/16PHv

امریکا میں گردن توڑ بخار سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد  14ہو گئی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق 10 ریاستوں میں گردن توڑ بخار کی اس وبا سے متاثر 119 سے زائد افراد کے اس مرض کا شکار ہونے کی باقاعدہ تصدیق ہوگئی ہے، جوایک ناقص انجیکشن سے پھیلی ہے۔ یہ انجیکشن کم از کم 14 ہزار افراد کو لگایا گیا تھا۔ بیماری سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاست ٹینیسی ہے جہاں 39 کیسز سامنے آئے ہیں، مشی گن میں 25 اور ورجینیا میں 24 افرادگردن توڑ بخارمیں مبتلا ہیں۔

یہ آلودہ اسٹیروئڈ انجیکشن میساچوسیٹس کی ایک کاؤنٹی فارمنگھم میں قائم نیوانگلینڈ کمپاؤنڈنگ سینٹر NECC نامی دوا ساز کمپنی نے تیار کیے ہیں۔ گردن توڑ بخار کی وجہ بننے والے اس اسٹیروئڈ انجیکشن نے صحت عامہ سے متعلق امریکی اداروں کے ساتھ ساتھ فیڈرل اور اسٹیٹ سکیورٹی اداروں کو بھی مجرمانہ نوعیت کے الزامات کے تحت تفتیش پر مجبور کر دیا ہے۔ امریکا میں ہر سطح پر اسٹیروئڈ انجیکشن کا اسکینڈل زیر بحث ہے، جو مختلف بیماریوں کے علاج کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ اس آلودہ انجیکشن کا شکار ہونے والی پہلی مریضہ Barbe Puro جنہوں نے نیو انگلینڈ کمپاؤنڈنگ سینٹر نامی ادویات ساز کمپنی پر مقدمہ کر دیا ہے، ان کا تعلق ریاست منیسوٹا سے ہے۔ انہوں بتایا کہ ناقص ٹیکے نے انہیں جسمانی، روحانی اور جذباتی نقصان پہنچایا ہے۔ انہیں یہ انجیکشن 17 ستمبر کو لگایا گیا تھا۔

Meningitis-Impfung in Moskau
گردن توڑ بخار کے خلاف ٹیکہ لگایا جاتا ہےتصویر: dpa

اُدھر اس آلودہ انجیکشن کا اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد  سے اسے تیار کرنے والی کمپنی نیو انگلینڈ کمپاؤنڈنگ سینٹر پر برہم صارفین اور متاثرین کی ای میلز اور ٹیلی فون کالز کی بوچھاڑ شروع ہو گئی ہے تاہم اس کمپنی کی طرف سے کوئی فوری رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔

NECC ایک چھوٹے ادارے کے ساتھ کام کرتی ہے اور ادویات بنانے والی یہ فرم امریکا کی خوراک اور ادویات سے متعلق ریگولیشن انتظامیہ کی زیر نگرانی کام نہیں کرتی۔

ریاست میساچوسیٹس کی اٹارنی جنرل مارتھا کوئیکلے نے NECC کمپنی کی پیداوار اور سرگرمیوں کے بارے میں تفتیش کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ ریاستی انتظامیہ کے اہلکاروں نے اس طرف اشارہ کیا ہے کہ مبینہ طور پرآلودہ اسٹیروئڈ انجیکشن بنانے والی فرم نے ادویات کی لائسنسنگ کے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔

Pneumococcal meningitis
مینن جائٹس کی ایک قسم نمونیا کی شکل میں بھی سامنے آ سکتی ہےتصویر: CDC

ماہرین کا کہنا ہے کہ فارمیسیز کی طرف سے کمپاؤنڈ ادویات بنانے کے لیے واضح احکامات موجود ہیں۔ ادویات یا ٹیکے وغیرہ ڈاکٹروں کے مشورے اور انفرادی مریضوں کی صحت کی صورتحال مد نظر رکھتے ہوئے تیار کیے جانے چاہییں۔

ریاست میساچوسیٹس میں اٹارنی جنرل کے دفتر کے ایک ترجمان نے کہا، ’ہم وفاقی اور ریاستی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور ضروری تفتیش کی جا رہی ہے۔ ایک بار اس طرز عمل کا اور جن حالات میں یہ انجیکشن دیے گئے، ان کا ہمیں پتہ چل جائے، تو پھر ہم مناسب قانونی چارہ جوئی کریں گے‘۔

km/mm (Reuters) 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں