امریکی انتخابات میں مداخلت، درجنوں فیک اکاؤنٹس بند
1 اگست 2018فیس بک اِنک نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کانگریس انتخابات سے پہلے درجنوں اکاؤنٹس اور پیجز بند کر دیے ہیں۔ امریکی خفیہ ایجنسیوں کے مطابق سن دو ہزار سولہ کے انتخابات میں عوامی رائے میں تبدیلی کے لیے روسی پروپیگنڈا ونِگ نے فیس بک پر نہ صرف اشتہارات شائع کیے تھے بلکہ بڑی تعداد میں پوسٹیں بھی کی تھیں۔ ماسکو حکومت ابھی تک اس الزام کو مسترد کرتی ہے۔
منگل کے روز فیس بک انتظامیہ کی طرف سے اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انہوں نے فیس بک اور انسٹاگرام سے بتیس پیج اور اکاؤنٹس کو بند کر دیا ہے۔ فیس بک انتظامیہ کی طرف سے یہ اقدامات امریکی انتخابات میں غیرملکی مداخلت روکنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی ایک کڑی ہیں۔ امریکی قانون سازوں کے مطابق اس طرح کی مداخلت جمہوریت کے لیے خطرہ ہے۔ جاری ہونے والے بیان کے مطابق فیس بک انتظامیہ فی الحال تفتیش کے ابتدائی مرحلے میں ہے اور یہ نہیں بتایا جا سکتا کہ ان پیجز کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے؟
بند کیے جانے والے ایک پیج کو دو لاکھ نوے ہزار اکاؤنٹس فالو کر رہے تھے اور اس پیج کی مشہوری کے لیے ایک سو پچاس دنوں میں گیارہ ہزار ڈالر خرچ کیے گئے تھے۔ اسی پیج سے مئی دو ہزار سترہ کے بعد سے تیس ایونٹس کا انعقاد کیا گیا تھا۔
’فیک نیوز‘ کے خلاف فیس بک کی مہم
ٹیلی فون پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیس بک انتظامیہ کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ صرف ایک فیک اکاؤنٹ ایسا ہے، جس کی شریک ایڈمنسٹریٹر روس کی انٹرنیٹ ریسرچ ایجنسی رہی ہے۔ یہ کمپنی صرف سات منٹ کے لیے شریک ایڈمنسٹریٹر تھی اور ثبوت ناکافی ہونے کی وجہ سے یہ نہیں کہا جا سکتا کہ کسی فیس بک مہم کے پیچھے روسی حکومت کا ہاتھ ہے۔
قبل ازیں فیس بک انتظامیہ نے کہا تھا کہ گزشتہ دو برسوں کے اندر ایک سو چھبیس ملین امریکی شہریوں نے ایسا سیاسی مواد پڑھا یا دیکھا ہے، جسے روسی حمایت حاصل تھی۔
ا ا / ع ت (روئٹرز، ڈی پی اے)