1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستیوکرین

امریکی وزیر خارجہ یوکرین کے دورے پر، مزید فوجی امداد متوقع

8 ستمبر 2022

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن آج جمعرات کو یوکرین پہنچے ہیں جہاں وہ روس کے حملے اور جنگ سے تباہ حال اس ملک کے لیے نئی امداد کا اعلان کرنے والے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4Gb4a
Ukraine Kiew | Besuch US-Außenminister Blinken | Präsident Selenskyj
تصویر: Genya Savilov/AFP/AP/dpa/picture alliance

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن جمعرات آٹھ ستمبر کو یوکرین کے دورے پر کییف پہنچے جہاں وہ روسی حملے اور جارحیت کے شکار اس ملک کو عسکری طور پر مضبوط بنانے کے لیے نئی غیر ملکی فوجی مالیاتی امداد کا اعلان کرنے والے ہیں۔ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے بلنکن کے اس دورے کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ دو بلین ڈالرز کی امداد یوکرین سمیت 18 ایسے ممالک کو دی جائے گی جو روسی جارحیت کے خطرے کا شکار ہیں۔

بلنکن کا یوکرین کا یہ دورہ اس وقت عمل میں آیا ہے جب یوکرین نے روس کے ساتھ جنگ میں کچھ مثبت پیش رفت کا دعویٰ کیا ہے۔ کییف کے مطابق اُس کی فوج نے روس کی طرف سے قبضے میں لیے گئے یوکرین کے دوسرے سب سے بڑے شہر خارکیف کے قریب بعض علاقوں کا کنٹرول حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ایک اہلکار کے مطابق جس نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کی، خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ بائیڈن انتظامیہ امریکی کانگریس کو اپنی اس خواہش سے آگاہ کرنے والی ہے کہ یہ رقم طویل المدتی سرمایہ کاری کے لیے دستیاب رہنی چاہیے۔ اس اہلکار کی طرف سے تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ یوکرین کے علاوہ دیگر کون سے ممالک ہیں جنہیں یہ امداد فراہم کی جائے گی اور نہ ہی اس بات پر روشنی ڈالی گئی ہے کہ یوکرین کو اس میں سے کتنا حصہ ملے گا۔

صدر بائیڈن کی یوکرین کے لیے تینتیس بلین ڈالر کی مدد کی درخواست

 

Ukraine Kiew | Besuch US-Außenminister Anthony Blinken
امریکی وزیر خارجہ کییف میں بچوں کے ایک ہسپتال کے دورے پرتصویر: Genya Savilov/AFP/AP/picture alliance

 

حکام کے مطابق صدر جو بائیڈن کے جنوری 2021ء میں عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد سے اب تک یوکرین کو امریکہ کی طرف سے 15.2 بلین ڈالر کی فوجی امداد دی جا چکی ہے۔

دریں اثناء امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین کے لیے 675 ملین ڈالر کے مزید ہتھیاروں کی بھی منظوری دی ہے۔ اس بارے میں امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے آج جمعرات کو ہی جرمنی میں ہونے والے اُس اجلاس سے پہلے اس کا اعلان کیا، جس میں اس بات پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے کہ یوکرین کی طویل مدتی بنیادوں پر امداد کس طرح کی جائے۔

رواں سال فروری کی 24 تاریخ کو روس نے یوکرین پر حملہ کیا تھا۔ امریکہ اور دیگر مغربی اتحادیوں کی طرف سے یوکرین کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے اسے عسکری اعتبار سے مضبوط بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ وہ یوکرین کو مستقبل میں کسی روسی حملے سے بچانے کے لیے اُس کی مالی اور عسکری امداد کرتا رہے گا۔

 ک م/ اب ا (روئٹرز)