اولمپک مقابلے، جرمن قومی فٹ بال ٹیم باہر ہو گئی
28 جولائی 2021گروپ ڈی میں جرمنی اور آئیوری کوسٹ کے مابین بدھ کے دن کھیلا جانے وال میچ ایک ایک گول سے برابر ہو گیا اور یوں جرمن ٹیم اولمپک مقابلوں سے باہر ہو گئی۔
جرمن کھلاڑی بینجیمن ہینرکس کی طرف سے غلطی سے اپنی ٹیم کے خلاف ہی گول اس شکست کا باعث بنا۔ اولمپک مقابلوں کے لیے جرمنی کی طرف سے نمائندگی کرنے والے تمام کھلاڑی نوجوان اور ناتجربہ کار تھے۔
جرمن ٹیم کا پہلا میچ برازیل سے تھا، جس میں اسے شکست ہوئی جبکہ سعودی عرب کے خلاف کامیابی سے امید ہو گئی تھی کہ اگر جرمنی آئیوری کوسٹ کو شکست دیتی ہے تو وہ ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔
جرمن دستے کی کامیابیاں
دوسری طرف سوئمنگ مقابلوں میں سارہ کؤہلر تیرہ برس بعد اولمپک مقابلوں میں جرمنی کے لیے گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔
خواتین کی فیلڈ ہاکی میں جرمن ٹیم نے آئر لینڈ کو شکست دے کر کوارٹر فائنلز کے لیے اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔
ٹینس میں ایلگزینڈر زویریف نے بھی مردوں کے سنگلز میں کامیابی سمیٹتے ہوئے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے۔ اولمپک مقابلوں کے اگلے راؤنڈ میں وہ فرانس کے جیرمی شاردی کے مد مقابل آئیں گے۔
اٹلی سے شکست کے بعد مردوں کی جرمن باسکٹ بال ٹیم نے اچھا کم بیک کیا اور ایک ڈرامائی مقابلے میں نائجیریا کو ننانوے ۔ بانوے سے مات دی۔ پھر آسٹریلیا کے خلاف ایک سخت مقابلے کے بعد جرمن ٹیم نے کر کورٹر فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔
میڈل ٹیبل
جرمنی ٹوکیو اولمپک گیمز میں تین طلائی تمغے جیت کر آٹھویں پوزیشن پر ہے۔ اب تک جرمن ایتھلیٹس دو چاندی اور پانچ کانسی کے تمغے بھی جیت چکے ہیں۔ جاپان سب سے زیادہ تیرہ گولڈ میڈل جیت کر پہلے مقام پر ہے اور دوسری پوزیشن پر چین براجمان ہے۔ اس کے طلائی تمغوں کی تعداد بارہ ہے۔ امریکا تیسرے مقام پر ہے اور اس کے گیارہ گولڈ میڈل ہیں۔
ع ب ، ع ح ، خبر رساں ادارے