بارسلونا کی نظریں چیمپیئنز لیگ کے فائنل پر
28 اپریل 2011بارسلونا نے ریئل میڈرڈ کو اس میچ میں صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی، جس کے بعد فائنل تک اس کی رسائی کے امکانات روشن دکھائی دیتے ہیں۔ توقع کے مطابق یہ کلب فائنل میں جگہ بنا پایا تو گزشتہ پانچ سال کے عرصے میں چیمپئنز لیگ میں یہ اس کا تیسرا فائنل ہو گا۔
میڈرڈ میں کھیلے گئے بدھ کے کھیل میں کافی دیر تک میچ برابر رہا۔ پھر فیفا ورلڈ پلیئر لیونیل میسی نے بالکل آخری لمحات میں بارسلونا کی جانب سے دو گول اسکور کر دیے۔
ہاف ٹائم پر بارسلونا کے ریزرو گول کیپر خوسے مانوئیل پنٹو کو حریف ٹیم کے کھلاڑیوں سے الجھنے پر براہ راست ریڈ کارڈ دکھایا گیا۔ اس میچ میں مجموعی طور پر جرمن ریفری نے پانچ مرتبہ زرد اور تین مرتبہ سرخ کارڈ لہرایا۔
اس کھیل میں اکہتر فیصد مواقع پر گیند بارسلونا کے کھلاڑیوں کے قبضے میں ہی رہی جبکہ میڈرڈ کے کھلاڑی دفاع ہی کرتے رہے۔ ان کی یہ حکمت عملی کچھ ایسی بری بھی نہیں تھی۔ اسی کی بدولت انہوں نے بیس اپریل کو ہونے والا اسپین کپ کا فائنل جیتا تھا۔ تاہم اس مرتبہ ان کے یہ داؤ نہیں چلے۔
قبل ازیں چیمپیئنز لیگ کے پہلے سیمی فائنل کی فرسٹ لیگ کا مقابلہ منگل کو جرمن کلب شالکے اور انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے درمیان ہوا۔ شالکے کو اس میچ میں دو صفر سے شکست ہوئی۔
یوں منگل اور بدھ کے دونوں ہی میچوں کا نتیجہ ایک جیسا ہی رہا ہے جبکہ شالکے اور مانچسٹر یونائیٹڈ کے درمیان میچ میں بھی کافی دیر تک کوئی گول نہیں ہو سکا تھا۔
سیمی فائنل کی ریٹرن لیگ کے لیے شالکے اور مانچسٹر یونائیٹڈ کا سامنا چار مئی کو مانچسٹر میں ہوگا۔ بارسلونا اور میڈریڈ کے درمیان ریٹرن لیگ کے لیے مقابلہ بارسلونا میں تین مئی کو ہو گا۔ چیمپیئنز لیگ کا فائنل 28 مئی کو ہو گا۔ امکان یہی ہے کہ فائنل معرکہ بارسلونا اور مانچسٹر یونائیٹڈ کے درمیان ہو گا۔
رپورٹ: ندیم گِل/ خبر رساں ادارے
ادارٹ: امجد علی