1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

رونالڈو کے باعث ہسپانوی کپ ریئل میڈرڈ کے نام

21 اپریل 2011

ریئل میڈرڈ نے بارسلونا کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرا کر ہسپانوی فٹ بال کپ جیت لیا ہے۔ پرتگال کے سٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے ریئل میڈرڈ کو لگ بھگ اٹھارہ سال بعد یہ اعزاز دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

https://p.dw.com/p/111Zt
تصویر: picture-alliance/dpa

یہ فائنل جیت کر ریئل میڈرڈ نے 1993ء کے بعد پہلی مرتبہ فٹ بال کا کوئی قومی اعزاز جیتا ہے۔ اسپین کے ساحلی شہر ولینسیا کے سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ کو دیکھنے کے لیے پچاس ہزار سے زائد تماشائی وہاں موجود تھے۔ ان دونوں روایتی حریف ہسپانوی کلبوں کے مابین اس مقابلے میں بارسلونا کی جیت کے امکانات زیادہ ظاہر کیے جا رہے تھے۔

مقابلے کے دوران ستر فیصد وقت میں گیند بھی بارسلونا کے پاس ہی رہی۔ اس کے باوجود بارسلونا کے سٹرائیکر ریئل میڈرڈ کے دفاع کو تسخیر کرنے میں ناکام رہے اور مقررہ وقت کے آخر تک مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ بارسلونا کی جانب سے پیڈرو نے 69 ویں منٹ میں گول کر ڈالا تھا مگر انہیں آف سائیڈ قرار دے دیا گیا تھا۔ بارسلونا کو ملنے والے اس ایک موقع کے برعکس ریئل میڈرڈ کی ٹیم نے گیند پر اپنے کم تر قبضے کے باوجود کئی اچھی مووز بنائیں اور بارسلونا کے گول پر مسلسل حملے کرتے رہے۔ فاتح ٹیم نے بارسلونا کے تخلیقی صلاحیت کی حامل مڈ فیلڈ کو بالکل ’باندھ‘ کر رکھا اور انہیں کھل کر کھیلنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔

Finale Spanischer Fußball Pokal Real Madrid gegen FC Barcelona
بارسلونا کے میسی ایکشن میںتصویر: picture-alliance/dpa

بارسلونا کی ٹیم نے پہلے ہاف کے بعد اپنے کھیل میں کچھ نکھار دکھایا اور ان کے فارورڈ کھلاڑیوں لیونیل میسی اور آندریس نیئیسٹا ریئل میڈرڈ کے گول پر مسلسل حملے کرنے لگے۔ دوسرے ہاف کے آخری لمحات میں ریئل میڈرڈ کے ڈی ماریا کو دوسری بار فاؤل کرنے پر سرخ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر کر دیا گیا تھا تاہم بارسلونا اپنی مخالف ٹیم میں ایک کھلاڑی کی اس کمی سے بھی کوئی فائدہ نہ اٹھا سکا۔

اضافی وقت کے 12ویں منٹ میں کرسٹیانو رونالڈو نے ایک طاقتور ہیڈر کے ذریعے گیند بارسلونا کی گول پوسٹ میں ڈال کر ریئل میڈرڈ کی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور یوں پنلٹی شوٹ آؤٹ کی نوبت ہی نہ آنے دی۔ رونالڈو کے لیے گول کے بالکل سامنے یہ بہترین چانس تخلیق کرنے میں ان کے ساتھی مارچیلو کا کھیل بھی اہم رہا۔ ریئل میڈرڈ اور بارسلونا کی ٹیمیں اب 27 اپریل اور 3 مئی کو چیمپیئنز لیگ کے سیمی فائنل مرحلے میں ایک بار پھر ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گی۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں