ہینوور اور ہیمبرگ کا میچ برابر، میونخ مزید دباؤ میں
17 اپریل 2011اس میچ کے برابر ہونے کی وجہ سے چیمپیئنز لیگ کے لیے کوالیفائی کرنے کی بھرپور تگ و دو میں مصروف بنڈس لیگا کی دفاعی چیمپیئن ٹیم بائرن میونخ پر دباؤ میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
بائرن میونخ کی ٹیم اس وقت بنڈس لیگا پوائنٹس چارٹس پر 52 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہے۔ میچ ڈرا ہونے کے بعد ہینوور کی ٹیم 54 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے جبکہ رواں میچ ڈے کے سلسلے میں بائرن میونخ کی ٹیم آج اتوار کے روز اپنا نہایت اہم میچ، لیگ میں دوسرے نمبر پر براجمان ٹیم لیورکوزن کے خلاف کھیلنے جا رہی ہے۔
اس میچ میں کامیابی کی صورت میں وہ تیسری پوزیشن پر پہنچ سکتی ہے تاہم اگر لیورکوزن کو اس میچ میں فتح حاصل ہو گئی، تو وہ لیگ میں اب تک کی ٹاپ ٹیم ڈورٹمنڈ کے ساتھ پوائنٹس کے فرق کو کم کر سکتی ہے۔ ڈورٹمنڈ نے 66 پوائنٹس حاصل کررکھے ہیں۔
آج اتوار ہی کے روز ڈورٹمنڈ فرائی برگ کے مدمقابل آ رہی ہے۔ ڈورٹمنڈ کے لیے یہ میچ اس لیے اہم ہے کہ اس میچ میں فتح کی صورت میں وہ لیگ میں اپنی پہلی پوزیشن پر گرفت مضبوط کر سکتی ہے جبکہ ہار کی صورت میں پوائنٹس کے اعتبار سے لیورکوزن اس کے مزید قریب پپہنچ جائے گی۔ لیورکوزن نے اب تک 61 پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں۔ تاہم اب یہ بات تقریباﹰ واضح ہے کہ لیگ کے رواں سیزن میں پہلی اور دوسری پوزیشن انہی دونوں ٹیموں کے حصے میں آئے گی۔
ہفتے کے روز کھیلے گئے دیگر میچوں میں کائزرزلاؤٹن کو نیورمبرگ نے دو صفر سے شکست دی جبکہ ہوفن ہائم نے فرینکفرٹ کو ایک صفر سے ہرا دیا۔ شالکے اور بریمن کا مقابلہ ایک ایک گول سے اور وولفس برگ اور سینٹ پاؤلی کا میچ دو دو گول سے برابر رہا۔ شٹٹ گارٹ نے کولون کی ٹیم کوایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : افسر اعوان