1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لیور کوزن نے ڈورٹمند کو لال جھنڈی دکھا دی

11 اپریل 2011

جرمن قومی فٹ بال چیمپئن شپ بنڈس لیگا کی نمبر وَن ٹیم بورسیا ڈورٹمند کی پوزیشن خطرے میں پڑتی دکھائی رہی ہے۔ وہ اس مرتبہ کا میچ نہیں جیت سکی جبکہ لیورکوزن ٹیبل میں اس کے کافی قریب پہنچ گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/10r5a
تصویر: AP

بنڈس لیگا کے انتیسویں میچ ڈے کے آخری روز اتوار کو بائر لیور کوزن نے سینٹ پاؤلی کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔ اس جیت کی بدولت لیورکوزن کی ٹیم کو ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل ہو گئی ہے۔ اس کے پوائنٹس 61 ہیں، جس کا مطلب یہ ہوا کہ صفِ اوّل کی ٹیم ڈورٹمند کی پوزیشن اب اس قدر مضبوط نہیں رہی۔ لیورکوزن ڈورٹمنڈ سے اب محض پانچ پوائنٹس ہی پیچھے ہے۔

اس صورت حال میں نمبر ایک کی پوزیشن کے لیے مقابلہ مزید سخت ہوتا دکھائی دیتا ہے، جو انہی دونوں ٹیموں کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ دونوں کو رواں سیزن میں صرف پانچ مزید میچ کھیلنے ہیں، جس کے بعد قومی فٹ بال چیمپئن کا فیصلہ ہو جائے گا۔

اتوار کو ہی کھیلے گئے ایک دوسرے میچ میں موئنشن گلاڈ باخ نے کولون کو ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے مات دی۔ ٹیبل پر موئنشن گلاڈ باخ سب سے نیچے ہے، تاہم اس جیت نے اُس کی بنڈس لیگا وَن میں رہنے کی امیدوں کو سہارا دیا ہے۔

اُدھر بائرن میونخ نے اپنے کوچ لوئس فان گال کو فارغ کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔ فان گال پہلے ہی مقررہ وقت سے ایک سال پہلے اپنا عہدہ چھوڑنے والے تھے۔

انتیسویں میچ ڈے کا آغاز جمعہ کو فرینکفرٹ اور ویردر بریمن کے درمیان مقابلے سے ہوا تھا۔ یہ میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔

ہفتے کو حسبِ معمول چھ میچ کھیلے گئے۔ شالکے نے وولفسبرگ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرایا۔ ہیمبرگ اور ڈورٹمنڈ کا مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ فرائی برگ نے ہوفن ہائیم کو تین دو سے مات دی۔ ہینوور نے مائنز کو دو صفر سے پچھاڑا۔ نیورمبرگ اور بائرن میونخ کا مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔

Fussball 1. Bundesliga Saison 2010 11 29. Spieltag SC Freiburg - 1899 Hoffenheim im Badenova-Stadion in Freiburg Flash-Galerie
فرائی برگ نے ہوفن ہائیم کو تین دو سے مات دیتصویر: picture-alliances/dpa

اس میچ ڈے کے ا‌ختتام پر بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر دیگر ٹیموں کی پوزیشن کچھ یوں ہے:

ہینوور 53 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ بائرن میونخ باون پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر اور مائنز پینتالیس پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ نیورمبرگ تینتالیس پوائنٹس کے ساتھ چھٹے پر جبکہ ہیمبرگ بیالیس پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔ آٹھویں نمبر پر فرائی برگ ہے اور اس کے پوائنٹس اکتالیس ہیں۔ شالکے انتالیس پوائنٹس کےساتھ نویں نمبر پر ہے جبکہ سینتیس پوائنٹس کے ساتھ دسواں نمبر ہوفن ہائیم کو حاصل ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں