1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈورٹمنڈ کی ٹیم بہت آگے نکل گئی

6 مارچ 2011

جرمنی کی قومی فٹ بال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا میں اس ہفتے کی جیت سے ڈورٹمنڈ کی ٹیم کی پوزیشن انتہائی مضبوط ہو گئی، جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر کی ٹیم لیورکوزن بھی اس سے بہت پیچھے رہ گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/10U6e
تصویر: picture-alliance/dpa

بنڈس لیگا کے پچیسویں میچ ڈے میں ڈورٹمنڈ کا میچ کولون سے جمعہ کو ہوا، جو اس نے ایک صفر سے جیت لیا۔ اس کے بعد بنڈس لیگا کے ٹیبل پر ڈورٹمنڈ کے پوائنٹس 61 ہو گئے، یعنی اس کے لیے دُور دُور تک کوئی مقابل نہیں ہے۔

پچیسواں میچ ڈے ابھی جاری ہے اور اتوار کو اس کے آخری دو میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلا مقابلہ فرائی برگ اور ویردر بریمن کے درمیان ہو گاجبکہ دوسرا میچ ہیمبرگ اور مائنز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

Fussball Hannover 96 gegen FC Bayern München
بائرن میونخ کو ہینوور کے مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑاتصویر: dapd

دوسری جانب ہفتہ کو بائرن میونخ کو ہینوور سے ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست ہوئی ہے۔ بائر لیورکوزن نے وولفس برگ کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا۔ ہفتہ کے دیگر مقابلوں میں شٹٹ گارٹ نے شالکے کو ایک صفر سے مات دی، میونشن گلاڈ باخ نے ہوفن ہائم کو دو صفر سے پچھاڑا، نیورمبرگ نے سینٹ پاؤلی کو پانچ صفر سے ہرایا جبکہ فرینکفرٹ اور کائزرزلاؤٹرن کا میچ صفر صفر سے برابر رہا۔

بنڈس لیگا کا پوائنٹس ٹیبل

پوائنٹس ٹیبل پر ڈورٹمند کے بعد دوسرے نمبر پر انچاس پوائنٹس کے ساتھ بائر لیورکوزن ہے۔ تیسرے نمبر پر سینتالیس پوائنٹس کے ساتھ ہینوور ہے۔ چوتھا نمبر بائرن میونخ کا ہے اور اس کے پوائنٹس بیالیس ہیں۔ مائنز چالیس پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے جبکہ انتالیس پوائنٹس کے ساتھ نیورمبرگ چھٹے نمبر پر ہے۔ ہیمبرگ اور فرائی برگ سینتیس 37 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب ساتویں اور آٹھویں نمبر پر ہیں۔ ہوفن ہائیم نویں نمبر پر ہے اور اس کے پوائنٹس تینتیس ہیں جبکہ دسویں نمبر پر تیس پوائنٹس کے ساتھ شالکے ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے، یعنی اٹھارہویں نمبر پر میونشن گلاڈ باخ ہے اور اس کے پوائنٹس بائیس ہیں۔

اتوار کے میچ میں مائنز کو فتح ملی تو وہ بائرن میونخ کو نیچے گراتے ہوئے چوتھے نمبر پر چلی جائے گی، تاہم یہ میچ ہیمبرگ نے جیت لیا تو وہ ساتویں نمبر سے پانچویں پر مائنز کی جگہ لے لے گی، جسے چھٹے نمبر پر آنا پڑے گا۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں