مائنز نے مؤنشن گلاڈباخ کو شکست دے دی
16 اپریل 2011مائنز کی گزشتہ نومبر کے بعد اپنے ہوم گراؤنڈ پر یہ پہلی فتح تھی۔ اس میچ کے دوسرے ہاف کے ابتدائی لمحات میں مؤنشن گلاڈباخ کو دھچکہ اس وقت لگا، جب اس کے کھلاڑی Mike Hanke کو سرخ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔ مائنز کی طرف سے تاہم کھیل کے اختتام سے صرف تین منٹ قبل بال گول میں پہنچائی گئی۔
اس فتح کے بعد مائنز کی ٹیم 48 پوائنٹس کے ساتھ لیگ کے پوائنٹس چارٹس پر پانچویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہے، جبکہ مؤنشن گلاڈباخ 26 پوائنٹس کے ساتھ لیگ میں سب سے آخری نمبر پر ہے۔ اب جبکہ لیگ کے موجودہ سیزن کے صرف چار میچ باقی بچے ہیں، مؤنشن گلاڈباخ بنڈس لیگا ون سے منہا ہونے کے خطرات سے دوچار ہے۔
آج ہفتے کے روز کائزرزلاؤٹن کا میچ نیورمبرگ سے ہو رہا ہے جبکہ شٹٹ گارٹ اور کولون کی ٹیمیں آمنے سامنے آ رہی ہیں۔ اس کے علاوہ ہیمبرگ کا میچ ہینوور سے ہو رہا ہے، ہوفن ہائم اور فرینکفرٹ جبکہ وولفس برگ کی ٹیم سینٹ پاؤلی اور بریمن کی ٹیم شالکے کے مدمقابل آرہی ہے۔
بنڈس لیگا کی اب تک کی ٹاپ ٹیم ڈورٹمنڈ اتوار کے روز فرائی برگ کے مدمقابل آئے گی۔ ڈورٹمنڈ کی ٹیم 66 پوائنٹس کے ساتھ لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ کا میچ لیگ میں اس وقت دوسری پوزیشن پر موجود ٹیم لیورکوزن سے ہو رہا ہے۔ لیورکوزن کے 61 پوائنٹس ہیں جبکہ بائرن میونخ 52 پوائنٹس کے ساتھ اس وقت چوتھی پوزیشن پر موجود ہے۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : افسر اعوان