بائرن میونخ نے لوئس فان گال کو ہٹا دیا
10 اپریل 2011اخبار زوڈ ڈوئچے زائٹنگ، بلڈ اور ککر کی رپورٹس کے مطابق ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے لوئس فان گال کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔گزشتہ برس ہی جرمنی میں لوئس فان گال کو بہترین کوچ قرار دیا گیا تھا۔ تاہم اس اعزاز کے بعد ان کے کلب بائرن میونخ کی کارکردگی ویسی نہ رہی جیسی کے توقع کی جا رہی تھی۔ یہی وجہ تھی کہ جرمن ذرائع ابلاغ فان گال کو خاص اہمیت دے رہے تھے۔ ابھی چند دن قبل تو لوئس فان گال کو رخصت کر نے کی خبریں بہت ہی وثوق کے ساتھ شائع ہوئیں تاہم چند ہی لمحوں بعد بائرن میونخ کلب کی انتظامیہ نے ان کی تردید کر دی تھی۔
بنڈس لیگا کے حالیہ سیزن میں بھی گال کی ٹیم ابھی تک متاثر کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔ گزشتہ روز نیورمبرگ کے خلاف میچ ایک ایک گول سے برابر رہنےکے بعد کلب کی انتظامیہ کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا اور لوئس فان گال سے ٹیم کی کوچنگ کے فرائض واپس لے لیے گئے۔
بائرن میونخ نہ صرف ریکارڈ چیمپئن ہے بلکہ جرمنی کا سب سے بڑا فٹ بال کلب بھی ہے۔ ہفتے کے روز کھیلے جانے والا میچ برابر رہنے کی وجہ سے خدشہ پیدا ہوگیا ہے کہ شاید بائرن میونخ چیمپئز لیگ کا اگلا سیزن نہ کھیل سکے۔ چیمپئنز لیگ میں وہی کلب شامل ہوتے ہیں جنہوں نے اپنے ملکوں میں پہلی دوسری یا تیسری پوزیشن حاصل کر رکھی ہو۔ بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر اب بائرن میونخ چوتھی پوزیشن پر ہے جبکہ تیسری ہنوور کے پاس آ گئی ہے۔
لوئس فان گال کی جانب سے ابھی تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ وہ 2009/10 میں بائرن میونخ کے کوچ بننے تھے۔ فوراً ہی انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا تھا۔ ان کا کلب جرمن فٹ بال لیگ کا چیمپئن بنا اور چیمپئنز لیگ کے فائنل میں بھی پہنچا۔ ان کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے کلب انتظامیہ نےگزشتہ ستمبر میں ان کے معاہدے میں 2011/12 تک کی توسیع کر دی تھی۔ اگلی مرتبہ چیمپئنز لیگ کا فائنل میونخ میں منعقد ہوگا اور یہ انتہائی افسوس کی بات ہو گی کہ اگر بائرن میونخ اس چیمپئن شپ میں کوالیفائی تک بھی نہ کر سکے۔
رپورٹ: عدنان اسحاق
ادارت: شامل شمس