1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بائرن میونخ چیمپیئنز لیگ سے باہر

16 مارچ 2011

چیمپیئنز لیگ کے ایک میچ میں انٹرمیلان نے بائرن میونخ کو ہرا دیا ہے۔ اس شکست کے بعد بائرن میونخ کلب ٹورنا منٹ سے باہر ہو گیا ہے۔ منگل کے میچ میں ہار میونخ کی تیسری بڑی شکست ہے۔

https://p.dw.com/p/10Zhx
تصویر: picture alliance/dpa

منگل کو کھیلے گئے اس میچ میں انٹر میلان کے سیموئیل ایٹو نے کھیل شروع ہوتے ہی گول کر دیا۔ تاہم بویرین کلب میونخ نے اس کا بدلا کچھ یوں چکایا کہ پہلے ہاف کے دوران نہ صرف کھیل پر قبضہ جمائے رکھا بلکہ دو گول بھی کر دیے۔ ماریو گومیز اور تھوماس میولر کے گولز کی بدولت میونخ کی ٹیم دو ایک کی برتری سے دوسرے ہاف میں پہنچی۔

بریک کے بعد کھیل شروع ہوا تو پہلے میلان کے لیے کھیلنے والے جرمنی کے کھلاڑی ویزلے شنائڈر نے گول کر کے اسکور برابر کیا۔ اس کے بعد کھیل برابر ہو گیا اور دونوں طرف سے گول ہونے بند ہو گئے۔ کھیل کے آخری حصے میں مقدونیہ کے گوران پانڈیو نے گول کرکے انٹر میلان کو 88 ویں منٹ میں برتری دلائی، جس کے بعد میونخ پیچھے رہ گیا۔

بائرن نے اس میچ میں گول کرنے کے دو بہترین مواقع گنوائے۔ ہاف ٹائم سے پہلے فرانک ریبیری کو ایک گول کرنے کا اچھا موقع ملا تھا، جو وہ ضائع کر بیٹھے۔ گومیز کو بھی گول کرنے کا ایک بہترین موقع ملا، جس کا وہ فائدہ نہ اٹھا سکے۔

انٹر میلان کے لیے یہ جیت اس لیے اہم ہے کہ اس کا فیصلہ ’اوے‘ گول کی بنیاد پر ہوا ہے۔ چیمپیئنز لیگ میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے میدان پر ایک ایک میچ کھیلتی ہیں۔ اس کے بعد دونوں میچز کے مجموعی اسکور کی بنیاد پر فاتح کا فیصلہ ہوتا ہے۔ گزشتہ میچ میں بائرن میونخ نے میلان کے میدان پر اسے صفر ایک سے ہرا دیا تھا۔ تاہم منگل کو میونخ کے میدان پر اسکور تین دو سے میلان کے حق میں رہا۔ اس طرح دونوں ٹیموں کا کل اسکور تین تین ہو گیا۔ ایسی حالت میں یہ دیکھا جاتا ہے کہ کس ٹیم نے دوسرے کے میدان پر زیادہ گول کیے ہیں، جو ’اوے‘ گول کہلاتے ہیں۔ یہی فارمولا میلان کی جیت کی وجہ بنا کیونکہ اس نے تینوں گول میونخ کے میدان پر کیے تھے۔

Champions League FC Bayern Inter Mailand Goran Pandev
انٹرمیلان کے کھلاڑی گوران پانڈیوتصویر: dapd

فٹ بال کا یہ سیزن میونخ کے لیے بہت برا ثابت ہوا ہے۔ پچھلی مرتبہ بنڈس لیگا کا چیمپیئن میونخ اس بار اس چیمپیئن شپ سے ہاتھ دھو بیٹھا ہے۔ جرمن کپ کے سیمی فائنل میں بھی اسے شکست ہو چکی ہے اور منگل کو یورپ کی سب سے بڑی فٹ بال لیگ چیمپیئنز لیگ سے بھی یہ نکل گیا ہے۔

عام طور پر یورپ میں فٹ بال کا سیزن مئی میں ختم ہوتا ہے ، لیکن میونخ کے لیے یہ مارچ میں ہی ختم ہو گیا ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں