شالکے چیمپیئنز لیگ کے کوارٹر فائنل میں
10 مارچ 2011جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ میں شالکے کلب کی کارکردگی بظاہر کوئی متاثر کن نہیں ہے لیکن جرمن کپ اور چیمپئنز لیگ میں شالکے کے کھلاڑی عمدہ کھیل پیش کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ گزشتہ رات شالکے نے یورپی فٹ بال کلبوں کے ٹورنامنٹ چیمپئنز لیگ کی پری کوارٹرفائنل میں اپنا میچ جیت کر کوارٹر فائنل کے لیے رسائی حاصل کر لی ہے۔ گیلزن کرشن میں کھیلے گئے پری کوارٹر فائنل میں شالکے نے ہسپانوی کلب ویلنسیا کو ایک گول کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔
جرمن کلب کی جانب سے جیفرسن فارفان (Jefferson Farfan) نے دو گول کیے۔ ایک گول ماریو گاورانووچ (Mario Gavranovic) نے کیا۔ ویلنسیا کی جانب سے پہلا گول سترہویں منٹ میں ہی کر دیا گیا تھا۔ یہ گول مہمان ٹیم کے ریکارڈو کوسٹا نےکیا۔ ویلنسیا کی برتری کو شالکے کے جیفرسن فارفان نے وقفے سے پانچ منٹ قبل ملنے والی فری کک پرگول کر کے ختم کر دیا۔ وقفے کے پانچ منٹ بعد ماریو گاورانووچ نے میزبان ٹیم کو برتری دلا دی۔ فارفان نے تیسرا گول کر کے شالکے کی جیت پر مہر ثبت کردی تھی۔ انہوں نے یہ گول میچ کے دوران ضائع ہونے والے وقت کی وجہ سے ملنے والے ایکسٹرا ٹائم میں کیا۔
چیمپئنز لیگ کے پری کوارٹر فائنل کے دوسرے مرحلے میں شالکے قدرے بوجھل اور مایوس کن کارکردگی کے سائے میں میدان میں داخل ہوئی تھی۔ اُس کے کوچ فیلکس ماگاتھ پر پہلے ہی انگلیاں اٹھ رہی ہیں۔ لیکن میچ جوں جوں آگے بڑھتا گیا توں توں شالکے کے کھیل میں غیر معمولی نکھار دیکھا گیا اور گیلزن کرشن شہر کے پرشکوہ اسٹیڈیم میں ہزاروں شائقین نے شالکے کے کھیل کو دل کھول کر داد دی۔ ماہرین کی رائے میں ویلنسیا کا کھیل بھی مناسب تھا۔
شالکے توچیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ہے لیکن کوچ فیلکس ماگاتھ کے مستقبل پر بدستور دھند موجود ہے۔ ماگاتھ کا شالکے کے ساتھ کوچنگ کا معاہدہ سن 2013 تک ہے لیکن موجودہ بنڈس لیگا سیزن میں کلب کی کارکردگی بہت ہی غیر معیاری ہے۔ شالکے فٹ بال کلب کے چیئرمین Clemens Toennies نے گزشتہ رات میچ کے بعد یہ ضرور کہا کہ وہ اس حوالے سے سردست کچھ نہیں کہنا چاہتے البتہ بہت جلد اس بابت بیان جاری کردیا جائے گا۔ فیلکس ماگاتھ بائرن میونخ اور وولفس برگ کے لیے بھی کوچنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں اور اسی دوران یہ دونوں ٹیمیں جرمن فٹ بال لیگ کی فاتح بنی تھیں۔
چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل کا پہلا مرحلہ پانچ اور چھ اپریل کو شیڈیول ہے۔ کوارٹر فائنل کا دوسرا مرحلہ بارہ اور تیرہ اپریل کو کھیلا جائے گا۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: عدنان اسحاق