1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپیئنز لیگ: جرمن کلب شالکے کا اچھا کھیل

16 فروری 2011

چیمپیئنز لیگ مقابلوں کے پہلے مرحلے میں جرمن کلب شالکے نے ویلنسیا کے خلاف میچ برابر کرکے دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ اب اس کلب کے کوارٹر فائنلز مقابلوں تک پہنچنے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/10Hlr
شالکے کی نمائندگی کرنے والے راؤلتصویر: AP

منگل کی شب شالکے نے ہسپانوی کلب ویلنسیا کے خلاف میچ ایک ایک گول سے برابر کر دیا۔ UEFA چیمپیئنز لیگ مقابلوں کے سلسلے میں کھیلے گئے اس میچ میں ہسپانوی کلب نے کئی مواقع ضائع کیے۔ ہسپانوی کلب نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلے گئے اس میچ کے سترہویں منٹ میں ہی ایک گول داغ دیا۔ جس طرح سے ویلنسیا کے کھلاڑیوں نے کھیل کا آغاز کیا، معلوم ہوتا تھا کہ وہ ایک بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کر لیں گے۔

تاہم میچ کے دوسرے ہاف میں شالکے کے سٹار کھلاڑی راؤل کے عمدہ کھیل اور ویلنسیا کی غلطیوں کے نتیجے میں ہسپانوی کلب مزید کوئی گول نہ کر سکا۔ راؤل نے شالکے کی طرف سے واحد گول 64 ویں منٹ میں کیا۔ اس طرح راؤل نے چیمپیئنز لیگ مقابلوں کے دوران سب سے زیادہ یعنی 69 گول کرنے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے یورپ کی اس اہم لیگ کے کل137 میچوں میں شرکت کی ہے۔

Flash-Galerie Fussball Champions League Schalke 04 Valencia
ماہرین کے مطابق دونوں ٹیموں نے دفاعی کھیل پر توجہ زیادہ مرکوز رکھیتصویر: picture-alliance/dpa

ماہرین کے مطابق دونوں ٹیموں نے دفاعی کھیل پر توجہ زیادہ مرکوز رکھی، لیکن اس میں وہ کامیاب نہیں ہوئیں۔ فٹ بال کے ماہر Paul Chapman نے ریڈیو ڈوئچے ویلے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس مخصوص میچ میں دونوں ٹیموں کا دفاع کوئی اچھا نہیں تھا لیکن دو اچھے گول کیپرز کی وجہ سے میچ میں مزہ براقرار رہا۔ انہوں نے اس میچ کے برابر ہونے کو شالکے کے لیے ایک اچھا شگون قرار دیا۔

کھیل کے اختتام پر شالکے کے گول کیپر مینول نائیر نے اپنی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ اس میچ کے برابر ہونے پر وہ بہت خوش ہیں۔ جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے گول کیپر نائیر نے تسلیم کیا کہ ان کی ٹیم کوئی غیر معمولی کھیل پیش نہ کر سکی تاہم ان کا کہنا تھا کہ مستقبل کے میچوں کے لیے وہ پر امید ہیں۔

منگل کو چیمپیئنز لیگ کے سلسلے میں کھیلے گئے ایک اور میچ میں برطانوی کلب Tottenham نے اے سی میلان کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی۔ سات مرتبہ کی یورپی چیمپیئن اے سی میلان کی شکست کو ایک ’اپ سیٹ‘ قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں