1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا، روبن نے بائرن میونخ کو فتح سے ہمکنار کر دیا

13 مارچ 2011

جرمنی کی قومی فٹ بال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کے 26 ویں میچ ڈے کے سلسلے میں ہفتے کے روز کھیلے گئے ایک میچ میں بائرن میونخ نے ہیمبرگ کو صفر کے مقابلے میں چھ گول کے واضح فرق سے شکست دے دی۔

https://p.dw.com/p/10YGh
تصویر: dapd

میونخ میں کھیلے گئے اس میچ میں بائرن میونخ ٹیم کے غیر معمولی کھلاڑی روبن نے ہیٹ ٹرک کی۔ انہوں نے کھیل کے پہلے ہاف کے اختتام سے پانچ منٹ قبل میچ کا پہلا گول اسکور کیا اور دوسرے ہاف میں مزید دو گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

روبن کی ہیٹ ٹرک کے بعد بائرن میونخ کے فرانک ربری نے میچ کا چوتھا گول کیا۔ بائرن میونخ کے سٹرائیکر تھوماس میولر نے بائرن میونخ کی طرف سے پانچواں گول کیا جبکہ چھٹا گول فرانک ربری نے کر کے ہیمبرگ کی جیت کی تمام تر امیدیوں کو ملیا میٹ کر دیا۔

دوسری جانب بنڈس لیگا کی ٹاپ ٹیم ڈورٹمنڈ کو ہفتے کے روز میزبان ہوفن ہائم نے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی۔ لیگ کے رواں سیزن میں ڈورٹمنڈ کی اب تک کی یہ تیسری شکست تھی۔ ڈورٹمنڈ کی ٹیم کو کھیل کے پہلے ہاف میں گول کرنے کے کچھ اچھے مواقع میسر آئے، تاہم وہ بال کو گول پوسٹ میں پھینکنے میں کامیاب نہ ہو پائی۔ کھیل کے دوسرے ہاف کے 63 ویں منٹ میں ہوفن ہائم کے Vedad Ibisevic نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جو میچ کے اختتام تک قائم رہی۔

Fussball Bundesliga Saison 10/11 20. Spieltag Werder Bremen FC Bayern München
بائرن میونخ کے کھلاڑی روبنتصویر: AP

اس شکست کے باوجود ڈورٹمنڈ کی ٹیم لیگ ٹیبل پر 61 پوائنٹس کے ساتھ، دوسری نمبر کی ٹیم لیورکوزن کے مقابلے میں 12 پوائنٹس کی سبقت لیے ہوئے ہے، جسے لیورکوزن کی ٹیم اتوار کے روز نو پوائنٹس تک لا سکتی ہے۔ لیورکوزن کے اب تک 49 پوائنٹس ہیں تاہم لیورکوزن کی ٹیم مائنز کے مدمقابل آ رہی ہے۔

ہفتے کے روز ویردر بریمن اور میونشن گلاڈباخ کے درمیان کھیلا گیا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ اس میچ کے بعد بریمن کی ٹیم 29 پوائنٹس کے ساتھ 12ویں جبکہ میونشن گلاڈباخ 23 پوائنٹس کے ساتھ بدستور 18ویں اور آخری پوزیشن پر ہے۔

ہفتے کے روز کھیلے گئے دیگر میچوں میں شالکے نے فرینکفرٹ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔ ایک اور میچ میں نیورمبرگ کے ہاتھوں دو ایک کی شکست کے بعد وولفس برگ کی ٹیم لیگ میں 16ویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔

آج اتوار کے روز دو میچز کھیلے جائیں گے۔ مائنز کا مقابلہ لیورکوزن سے جبکہ سینٹ پاؤلی کا میچ شٹٹ گارٹ سے ہوگا۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں