بنڈس لیگا 25واں میچ ڈے مکمل، ڈورٹمنڈ بدستور پہلے نمبر پر
7 مارچ 2011بنڈس لیگا کے پچیسویں میچ ڈے کے آخری دن یعنی اتوار کو دو میچ کھیلے گئے۔ پہلا میچ فرائی برگ اور ویردر بریمن کے مابین ہوا۔ بریمن نے اپنا یہ میچ جیت کر وسط جنوری کے بعد پہلی مرتبہ کامیابی حاصل کی۔ بریمن نے اس میچ میں شروع ہی سے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ بریمن کے فارورڈ کھلاڑی ساندرہ واگنر نے بارہویں منٹ میں ہی گول کر دیا۔
ہاف ٹائم کے فوری بعد ہی فرائی برگ کے ٹاپ سکورر Papiss Demba Cisse نے مجموعی طور پر اپنا سترہواں گول کر کے اگرچہ یہ میچ برابر کر دیا تاہم کھیل کے 76 ویں منٹ میں Peruvian Claudio Pizzaro نے بریمن کو سبقت دلوا دی۔ جو بعد ازاں مارکو مارین کے ایک اور گول سے مزید پختہ ہو گئی۔
میچ کے بعد بریمن کے کوچ تھوماس شاف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا،’ ہم نے اچھا کھیل پیش کیا، ہمارا حق تھا کہ ہم یہ میچ جیتیں‘۔ اس جیت کے بعد بریمن کے پوائنٹس اٹھائیس ہو گئے ہیں اور وہ لیگ ٹیبل پر 14 ویں نمبر پر آ گئی ہے۔
اتوار کو کھیلے گئے دوسرے میچ میں مائنز نے ہیمبرگ کو شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر چوتھا مقام حاصل کر لیا ہے۔ اس کے اب 43 پوائنٹس ہو گئے ہیں۔ اس سے قبل اس نمبر پر میونخ کی ٹیم تھی، جو اب پانچویں پوزیشن پر چلی گئی ہے۔ اس کے بیالیس پوائنٹس ہیں۔
25ویں میچ ڈے کے اختتام پر بھی ڈورٹمنڈ کی ٹیم لیگ ٹیبل پر پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ اس نے پچیس میچوں میں سے انیس میں کامیابی حاصل کی ہے اور اس کے پاس اکسٹھ پوائنٹس ہیں۔ دوسرے نمبر پر بائر لیور کوزن ہے، جس کے پوائنٹس 49 بنتے ہیں۔ اس نے اپنے پچیس میچوں میں سے چودہ میں کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔ بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت تیسری نمبر کی ٹیم ہنوور ہے۔ اس کے سنتالیس پوائنٹس ہیں۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: شادی خان سیف