1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا کے 19ویں میچ ڈے کے مقابلے

24 جنوری 2010

جرمنی میں فٹ بال کی فیڈرل لیگ چیمپئین شپ بنڈس لیگا کے 19ویں میچ ڈے کے دوسرے روز ہفتہ کو بائرن میونخ نے اپنی اچھی پوزیشن برقرار رکھی۔

https://p.dw.com/p/LfPX
شالکے کے خلاف گول کے بعد بوخم کے کھلاڑی خوشی کا اظہار کر رہے ہیںتصویر: AP

بائرن میونخ نے ویردر بریمن کی ٹیم کو دو صفر سے ہرا دیا۔ یوں جنوبی صوبے باویریا کے دارالحکومت سے تعلق رکھنے والی یہ ٹیم بنڈس لیگا فٹ بال میں پوائنٹس ٹیبل پر اب سرفہرست ہے۔

ہفتہ کے روز ہونے والے دیگر میچوں میں سے بوخُم اور شالکے کا میچ دو دو گول سے برابر رہا۔ مائنز نے ہنوور کو ایک صفر سے ہرا دیا۔ نیورین بیرگ اور فرینکفرٹ کے درمیان مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔

Fußball Bundesliga Köln Dortmund
کولون اور ڈورٹمنڈ کے کھلاڑیوں کے درمیان بال کے حصول کی کوششتصویر: AP

ہفتہ ہی کو کھیلا گیا بنڈس لیگا کا ایک اور میچ، جس میں ہیرتھا برلن کا مقابلہ مؤنشن گلاڈباخ کی ٹیم سے تھا، برابر رہا۔ اس میچ میں دونوں میں سے کوئی بھی ٹیم ایک بھی گول نہ کر سکی۔ دن کے آخری میچ میں ڈورٹمنڈ نے ہیمبرگ کو ایک صفر سے شکست دے دی۔

19 ویں میچ ڈے کا آغاز جمعہ کو ہوا تھا۔ پہلے دن کا واحد میچ فرائی برگ اور شٹٹ گارٹ کے درمیان کھیلا گیا تھا، جو شٹٹ گارٹ نے ایک صفر سے جیت لیا تھا۔ بنڈس لیگا میں کل اٹھارہ ٹیمیں شامل ہیں اور اس کے ہر میچ ڈے میں مجموعی طور پر جمعہ سے لے کر اتوار تک کُل نو میچ کھیلے جاتے ہیں۔

جمعہ اور ہفتہ کو کھیلے گئے سات میچوں کے بعد موجودہ میچ ڈے میں اب صرف دو مقابلے باقی بچے ہیں جو اتوار کو ہوں گے۔ ان میں سے پہلا میچ وولفس برگ اور کولون کی ٹیموں کے مابین ہو گا جبکہ دوسرا اور موجودہ ویک اینڈ پر بنڈس لیگا کا آخری مقابلہ ہوفن ہائم اور لیورکوزن کے درمیان کھیلا جائے گا۔

لیورکوزن کی ٹیم اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر بائرن میونخ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ تیسری پوزیشن شالکے کے پاس ہے، چوتھے نمبر پر ڈورٹمنڈ ہے جبکہ پانچویں نمبر پر ہیمبرگ کا نام آتا ہے۔ اب تک چھٹی سے لے کر دسویں پوزیشن تک بالترتیب بریمن، فرینکفرٹ، مائنز، ہوفن ہائم اور وولفس برگ کے نام آتے ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: مقبول ملک