1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی بحریہ نے پاکستانیوں کو صومالی قزاقوں سے بچا لیا

جاوید اختر، نئی دہلی
30 جنوری 2024

بھارتی بحریہ نے بحیرہ عرب میں قزاقوں کے ذریعہ ایک جہاز پر قبضہ کرکے یرغمال بنائے گئے انیس پاکستانیوں کو بازیاب کرا لیا ہے۔ پچھلے 36 گھنٹوں میں بھارتی جنگی جہاز آئی این ایس سومترا کی جانب سے یہ دوسرا ریسکیو آپریشن تھا۔

https://p.dw.com/p/4bpDL
بھارتی بحریہ نے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران مصیبت میں پھنسے جہازوں اور ملاحوں کی جانب سے مدد کی اپیل پر اقدامات کیے ہیں
بھارتی بحریہ نے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران مصیبت میں پھنسے جہازوں اور ملاحوں کی جانب سے مدد کی اپیل پر اقدامات کیے ہیںتصویر: India's Press Information Bureau/AP/picture alliance

بھارتی بحریہ نے کہا ہے کہ اس کے جنگی جہاز آئی این ایس سومترا نے بحیرہ عرب میں صومالی قزاقوں کی کوشش کو ناکام بنا دیا اور انیس پاکستانیوں کو بازیاب کرالیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں بھارتی بحریہ کے ترجمان نے کہا کہ "آئی این ایس سومترا نے صومالیہ کے مشرقی ساحل پر قزاقی کی کوشش کو ناکام بنادیا اور انیس پاکستانی شہریوں کو گیارہ صومالی قزاقوں کے ذریعہ اغوا کرنے سے بچا لیا۔"

صومالی قزاقوں کے خلاف پہلی زمینی کارروائی

اس واقعے سے چند گھنٹے قبل ہی بھارتی بحریہ نے قزاقوں کے ذریعہ اغوا کیے گئے ایک جہاز کے سترہ ایرانی عملے کو بچایا تھا۔

صومالیہ کے ساحل حدود میں بحری جہازوں پر حالیہ حملوں نے ان خدشات کو جنم دیا ہے کہ خطے میں قزاق دوبارہ سرگرم ہوگئے ہیں۔

عالمی سطح پر قزاقی کے واقعات میں کمی

بھارتی بحریہ نے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران مصیبت میں پھنسے جہازوں اور ملاحوں کی جانب سے مدد کی اپیل پر اقدامات کیے ہیں۔ سنیچر کے روز سیشلز کی دفاعی افواج نے بھی سری لنکا کے چھ ماہی گیروں کو ان کے جہاز کے اغوا ہونے کے بعد بچالیا تھا۔

بحری جہازوں پر حالیہ حملوں نے ان خدشات کو جنم دیا ہے کہ خطے میں قزاق دوبارہ سرگرم ہوگئے ہیں
بحری جہازوں پر حالیہ حملوں نے ان خدشات کو جنم دیا ہے کہ خطے میں قزاق دوبارہ سرگرم ہوگئے ہیںتصویر: Mohamed Dahir/AFP/Getty Images

بھارتی بحریہ نے کیا کہا؟

بھارتی بحریہ کے مطابق اس کے جہاز آئی این ایس سومترا کو صومالیہ کے مشرقی ساحل اور خلیج عدن میں سکیورٹی آپریشنز کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔

بھارتی بحریہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی این ایس سومترا کو 28جنوری کو ایک جہاز کے مصیبت میں پھنسنے کا پیغام موصول ہوا۔ اس نے ایک ایرانی پرچم والے جہاز کو روکا۔ بحریہ کے افسران نے عملے اور کشتی کی بحفاظت رہائی کے لیے قزاقوں پر دباو ڈالا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جب جہاز کے عملے کو رہا کرالیا گیا تو اسے اپنا سفر جاری رکھنے کی اجازت دی گئی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ منگل کے روز بھی آئی این ایس سومترا کو ایک پیغام موصول ہوا اور اس نے ایرانی پرچم والے ماہی گیری کے جہاز النعیمی کا پتہ لگا کر اسے روکا۔ جہاز پر سوار اہلکاروں کو رہا کرنے اور ان کی صحت کی جانچ کے بعد انہیں دوبارہ سفر شروع کرنے کی اجازت دے دی گئی۔

بحری قزاقوں کا پیچھا اب خشکی پر بھی

بھارتی بحریہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا،" بحیرہ ہند کے علاقے میں بحری قزاقی کی روک تھام اور میری ٹائم سکیورٹی آپریشنز پر تعینات بھارتی بحریہ کے بحری جہازوں کا مشن سمندر میں تمام جہازوں اور بحری جہازوں کی حفاظت کے تئیں بھارتی بحریہ کے عزم کی علامت ہے۔"

بھارتی بحریہ نے شمالی اور وسطی بحیرہ عرب سمیت تمام اہم سمندری راستوں میں میری ٹائم سکیورٹی آپریشنز کے لیے فرنٹ لائن جہازوں اور نگرانی کرنے والے طیاروں کی تعیناتی میں اضافہ کردیا ہے۔

جاوید اختر