’بھارتی کشمیر میں سوشل میڈیا پر پابندی ختم کی جائے‘
11 مئی 2017خبر رساں ادارے اے پی نے اقوام متحدہ سے وابستہ ڈیوڈ کائے اور مچل فروسٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ بھارتی زیر انتظام کشمیر میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس اور موبائل انٹرنیٹ سروس پر پابندی تمام کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کے لیے نامناسب ہے۔
کشمیر: بھارتی فوج نے بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز کر دیا
’مسئلہ کشمیر کا حل صرف دوطرفہ مکالمت سے ہی ممکن‘: بھارت
کشمیر: بھارت نے سوشل میڈیا پر پابندی عائد کر دی
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے خصوصی مندوب مچل فروسٹ اور خصوصی مندوب برائے آزادی رائے و اظہار ڈیوڈ کائے نے جنیوا سے جاری کردہ اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بھارتی حکومت کو کشمیر میں اس پابندی کو ختم کر دینا چاہیے۔
کائے کے بقول اس طرح کے اقدامات آزادی رائے کے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ تاہم بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ ایک ماہ کی یہ پابندی دراصل کشمیر میں نقص امن کی صورتحال کے تناظر میں لگائی گئی ہے۔
نئی دہلی کا کہنا ہے کہ کشمیری مظاہرین سماجی رابطوں کی انہی ویب سائٹس کے ذریعے حکومت مخالف مظاہروں کا اہتمام کرتے ہیں اور اس پابندی کا مقصد ایسے غیر قانونی اجتماعات کو روکنا ہے۔
بھارتی حکام نے سماجی رابطوں کی بائیس ویب سائٹس پر پاپندی کے علاوہ موبائل فون کی تھری جی اور فور جی سروس کو بھی ایک ماہ کے بند کر دیا ہے۔ بھارتی حکومت نے یہ پابندی چھبیس اپریل کو عائد کی تھی تاہم اس کے مکمل اطلاق کے لیے متعلقہ ماہرین کو تین دن کی انتھک محنت کرنا پڑی۔ امریکی نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق اس پابندی کے باوجود کشمیر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری طرف کشمیر کے متنازعہ علاقے میں پاکستان اور بھارتی فورسز کے مابین فائرنگ کے تازہ واقعے میں دو افراد مارے گئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ ایک شخص پاکستانی زیر انتظام جبکہ دوسرا بھارتی زیر انتظام کشمیر میں ہلاک ہوا ہے۔
بھارتی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان فورسز نے بلااشتعال فائرنگ کا آغاز کیا، جس کے جواب میں بھارتی فورسز نے بھی فائرنگ کی۔ دوسری طرف پاکستان نے بھارتی فورسز پر پہل کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔