بھارت میں ایک مذہبی میلے کے آغاز پر 27 زائرین کی ہلاکت
14 جولائی 2015بھگدڑ کا یہ واقعہ آندھرا پردیش اور تلنگانہ کی جڑواں ریاستوں کی سرحد پر واقع علاقہ راجا منڈری میں مقامی وقت کے مطابق آٹھ بجے صبح کے قریب پیش آیا۔ ہزاروں ہندو زائرین آج مہا پُشکارالو تہوار کے آغاز پر دریائے گوداواری میں نہانے کے لیے صبح سویرے ہی سے وہاں پہنچنا شروع ہو گئے تھے کہ دو گھنٹوں بعد ہی وہاں بھگدڑ مچ گئی جس میں تا حال اطلاعات کے مطابق 27 افراد کچل کر مارے گئے جبکہ دیگر 29 زخمی ہوئے۔
پولیس کی طرف سے اس واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد پہلے پانچ بتائی گئی تھی۔ بعد ازاں آندھرا پردیش کے چیف منسٹر چندرا بابو نائڈو کے ایک ترجمان نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو اپنے بیان میں کہا، ’’بھگدڑ کے اس واقعے میں 27 زائرین کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ مزید 29 زخمی ہوئے ہیں جن میں سے کم از کم 2 کی حالت نازک ہے۔‘‘ ہلاک ہونے والوں کی شناخت اب تک نہیں ہو پائی تاہم ایک سینئر پولیس اہلکار کے مطابق ان ہلاک ہونے والوں میں کم از کم چار خواتین اور ایک 15 سالہ لڑکی بھی شامل ہے۔
آندھرا پردیش کی پولیس کے ڈپٹی سپریٹنڈنٹ سرینیواسن راؤ نے اے ایف پی کو تفصلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ اُس وقت رونما ہوا، جب زائرین کا پہلا گروپ دریا سے نہا کر نکل رہا تھا اور دوسرا گروپ دریا میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ زائرین ایک دوسرے کی راہ میں حائل ہوئے اور بھگدڑ مچ گئی۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ وہ راجا منڈری میں بھگدڑ کے اس واقعے میں ہندو زائرین کی ہلاکتوں پر بہت افسردہ ہیں۔ مودی نے متاثرین کے لواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے بچ جانے والوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دریں اثناء آندھرا پردیش کے چیف منسٹر چندرا بابو نائڈو کے ایک ترجمان پربھارکر نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے اس واقعے کے متاثرین کے لیے بطور تلافی ایک ملین روپے کی رقم کی منظوری دے دی ہے جبکہ زخمیوں کے علاج پر آنے والے تمام طبی اخراجات بھی ریاستی حکومت اُٹھائے گی۔
مہا پُشکارالو تہوار کے آغاز کے ساتھ ساتھ اُدھر بھارت کی مغربی ریاست مہا راشٹرا میں تجارتی اور ثقافتی مرکز ممُبئی سے شمال مغرب کی طرف واقع ایک اہم اور مشہور شہر ناسک میں ایک اور بڑا میلہ کمبھ بھی شروع ہوا ہے۔ اس تاریخی میلے میں آئندہ دو مہینوں کے دوران ہزاروں لاکھوں ہندو زائرین کی آمد متوقع ہے۔
کمبھ مذہبی میلہ جسے بھارتی ’سرزمین پر منعقدہ عظیم تقریب‘ بھی قرار دیا جاتا ہے ہر 12 سال بعد منعقد ہوتا ہے۔ کمبھ کے میلے کے موقع پر زائرین دریائے گنگا میں نہاتے ہیں۔ ہندو عقائد کے تحت اس رسم سے گناہ دھلتے ہیں اور جنت کا راستہ کھلتا ہے۔ گزشتہ کمبھ میلے میں بھی بھگدڑ کا ایک ہلاکت خیز واقعہ پیش آیا تھا، جس میں 39 افراد لقمہ اجل بنے تھے۔ اس بار اس تہوار میں گنگا میں نہانے کی رسم 29 اگست سے شروع ہو گی۔