1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: مندر کے قریب بھگدڑ، 91 یاتری ہلاک

زبیر بشیر13 اکتوبر 2013

وسطٰی بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش میں بھگدڑ مچ جانے کے ایک واقعے میں کم از کم 91 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/19ynw
تصویر: strdel/AFP/Getty Images

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی صبح اس وقت پیش آیا جب مدھیہ پردیش کے ضلع داتيا کے رتن گڑھ مندر میں مذہبی تہوار کی تقریبات میں شرکت کے لیے ہزاروں کی تعداد میں یاتری جمع تھے۔

مقامی ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ڈی کے آریہ کے مطابق، ’’آج اتوار کے روز نوراتری تہوار کے آخری دن ’رتن گڑھ دیوی مندر‘ میں دیوی کے درشن کے لیے داتيا اور پڑوسی ریاست اتر پردیش سے بھاری تعداد میں صبح ہی سے یاتریوں کے پہنچنے کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔ حادثے کے وقت وہاں 25 ہزار سے زائد افراد موجود تھے۔‘‘

Indien - Massenpanik in Allahabad
فروری کے مہینے میں کمبھ میلے کے دوران مچنے والی بگھدڑ کے نتیجے میں 36 افراد ہلاک ہو گئے تھےتصویر: DW/S. Waheed

پولیس حکام کے مطابق بھگدڑ مچ جانے کے حوالے سے متضاد اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ تاہم حادثے کی اصل وجوہات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

بعض اطلاعات کے مطابق یہ بھگدڑ اس وقت مچی جب پولیس نے مندر کی جانب جانے والے ہجوم کو قابو کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا۔

حادثے کی جگہ پر موجود لوگوں میں اس وقت شدید اشتعال پایا جاتا ہے، جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں بہت زیادہ مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

حادثے کے فوری بعد موقع پر پہنچنے والے ڈی آئی جی پولیس اور ہوم سیکرٹری کو بھی لوگوں کی جانب سے پتھراؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ پتھر لگنے سے مقامی پولیس کے ایک اعلیٰ افیسر کو شدید چوٹیں آئیں۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس، ڈی کے آریہ نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ اس واقعے میں کم ازکم ساٹھ افراد مارے گئے ہیں۔

Massenpanik bei einem religiösen Fest im Norden von Indien
حادثے کے وقت وہاں 25 ہزار سے زائد افراد موجود تھےتصویر: dapd

ابتدائی اطلاعات کے مطابق بھگدڑ کا یہ واقعہ چند نامعلوم افراد کی جانب سے پھیلائی گئی اس افواہ کے بعد پیش آیا کہ سندھ ندی کا پل ٹوٹنے والا ہے۔ اس خبر کے سنتے ہی پل پر موجود لوگوں نے اِدھر اُدھر بھاگنا شروع کر دیا اور کچھ نے جان بچانے کے لیے ندی میں چھلانگیں لگا دیں۔

بھارت میں اس طرح کے واقعات کی روایت بہت پرانی ہے۔ فروری کے مہینے میں کمبھ میلے کے دوران مچنے والی بگھدڑ کے نتیجے میں 36 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اسی طرح کے ایک اور واقعے میں سن2011 میں بھارتی ریاست کیرالہ میں 102 ہندو یاتری مارے گئے تھے۔ ستمبر 2008ء میں جودھ پور میں ایک یاترا کے دوران بھی 224 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں