1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’توہین رسالت کا قانون‘، پاکستان پر دباؤ بڑھتا ہوا

9 مارچ 2018

پاکستان میں ’توہین مذہب‘ کے قوانین اس لیے انتہائی خطرناک قرار دیا جاتا ہے، کیونکہ اس تناظر میں کوئی انتہائی عام سا عمل بھی کسی کوسزائے موت دلوا سکتا ہے۔ اس کی ایک مثال آسیہ بی بی بھی ہیں۔

https://p.dw.com/p/2u2Kw
Pakistan Proteste gegen Hinrichtung von Mumtaz Qadri
تصویر: Reuters/F. Mahmood

سن دو ہزار نو کے موسم گرما میں پاکستانی مسیحی خاتون آسیہ بی بی نے اُس برتن میں پانی پی لیا تھا، جو ایک مسلمان کا تھا۔ تب وہاں مسلمانوں نے مطالبہ کیا کہ وہ مسلمان ہو جائے تاہم آسیہ بی بی نے انکار کر دیا۔ چودہ جون سن دو ہزار نو کے دن صوبہ پنجاب کے ایک چھوٹے سے گاؤں اٹانوالی میں رونما ہونے والے اس واقعے کے پانچ دن بعد ہی اس مسیحی خاتون پر ’توہین مذہب‘ کا الزام عائد کر دیا گیا۔

آسیہ بی بی کو صدارتی معافی ملنے کا امکان کم ہی ہے

توہین مذہب کے پاکستانی قانون کے خلاف اٹلی میں احتجاجی مظاہرہ

ایک جج کے انکار کے بعد آسیہ بی بی کی اپیل پر سماعت مؤخر

بعد ازاں ’توہین مذہب‘ کے اسی الزام پر ایک عدالت نے آسیہ بی بی کو سزائے موت بھی سنا دی۔ ان کے شوہر عاشق مسیح اور وکیل کئی مرتبہ کوشش کر چکے ہیں کہ عدالت کی طرف سے سنائی جانے والی اس سزا کو واپس لے لیا جائے۔ تاہم تقریبا نو سال گزر جانے کے بعد بھی وہ اس کوشش میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔ اب رواں ماہ ہی ملکی سپریم کورٹ آسیہ بی بی کی اپیل پر سماعت کرنے والی ہے۔

’یہ حکومت بھی توہین مذہب کے معاملے کو نظر انداز کر رہی ہے‘

عالمی دباؤ میں اضافہ

پاکستان پر اِس وقت عالمی دباؤ بہت زیادہ بڑھ چکا ہے کہ وہ مذہبی انتہا پسندی کا خاتمہ ممکن بنایا بنائے۔ نہ صرف غیر ملکی بلکہ پاکستان میں فعال انسانی حقوق کے کارکنان کا کہنا ہے کہ اس تناظر میں سب سے پہلے ملک میں رائج ’توہین مذہب‘ کے قانون میں ترامیم ناگزیر ہیں۔

جنوری میں امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے کہا تھا کہ یہی قوانین اہم وجہ بنے تھے کہ ’مذہبی آزادی کے حوالے سے سنگین خلاف ورزی‘ کرنے والے ممالک کی فہرست میں پاکستان کا نام ڈالا گیا تھا۔ یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں ہوئی تھی، جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے اسلام آباد پر دباؤ بڑھایا تھا کہ وہ قبائلی علاقہ جات میں فعال ان جنگجوؤں کے خلاف کارروائی تیز کر دے، جو افغانستان میں سرحد پار کارروائی میں ملوث ہوتے ہیں۔

ساتھ ہی فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نامی بین الحکومتی ادارے ، جو منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لیے مالی معاونت کے انسداد کا کام کرتا ہے، نے پاکستان کو جون تک کا وقت دیا ہے کہ وہ مذہبی انتہا پسندی پر قابو پانے کے لیے ٹھوس اقدامات  کرے، ورنہ دوسری صورت میں پاکستان کو بلیک لسٹ کیا جا سکتا ہے۔ اس پیشرفت سے پاکستان کے عالمی مالیاتی تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں۔

قانون کا غلط استعمال

پاکستان میں ’توہین مذہب‘ کے قوانین کے ناقدین کا کہنا ہے کہ اس قانون کی وجہ سے معاشرے میں نہ صرف انتہا پسندی پروان چڑھی ہے بلکہ نظام قانون بھی ریڈیکلائزڈ ہوا ہے۔ ان کا موقف ہے کہ یہی صورتحال قانون کی بالادستی کے لیے چیلنج بن گئی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس قانون کو ذاتی دشمنیاں نکلانے کے لیے بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔

دوسری طرف مذہبی انتہاپسند اس قانون کو اپنی طاقت بڑھانے کی خاطر غلط طریقے سے استعمال بھی کرتے ہیں۔ سیاسی تجزیہ نگار زاہد حسین نے اس قانون پر تبصرہ کرتے ہوئے  ایسوی ایٹڈ پریس سے کو بتایا، ’’گزشتہ کچھ برسوں کے دوران صورتحال زیادہ خطرناک ہو چکی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ خوف کی فضا میں اضافہ ہوا ہے۔‘‘

اسلامی انتہا پسندی کے موضوع پر دو کتابوں کے خالق زاہد حسین کہتے ہیں، ’’یہ (قانون) کچھ لوگوں کے ہاتھوں ایک آلہ بن چکا ہے، جو نہ صرف غیر مسلم افراد کے خلاف بلکہ ان مسلمانوں کے خلاف بھی استعمال کیا جا رہا ہے، جو ایسے افراد کے نظریات سے متفق نہیں ہیں۔‘‘

آسیہ بی بی کے وکیل سیف الملوک کو خطرہ ہے کہ سپریم کورٹ انتہا پسندوں کے خوف میں آ کر ان کی موکلہ کی اپیل کو رد کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں آخری امید یہی ہو سکتی ہے کہ آسیہ بی بی کو صدارتی معافی دے دی جائے۔ زاہد حسین کا خیال ہے کہ ملک میں انتہا پسندی یا عسکریت پسندی سے نمٹنے کی خاطر  نہ تو فوج اور نہ ہی سول حکومت کے پاس کوئی ٹھوس حکمت عملی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر اس صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو بنیادی معاشرتی نظام تباہ ہو سکتا ہے۔

ع ب / اے پی