1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں تارکین وطن جرمن سیکھیں، ترک صدر کا مطالبہ

15 ستمبر 2011

ترک صدر عبداللہ گل نے جرمنی میں رہائش پذیر ترک نژاد تارکین وطن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے بہتر سماجی انضمام کے لیے جرمن زبان سیکھیں۔

https://p.dw.com/p/12ZMT
تصویر: picture-alliance/dpa

ترک سربراہ مملکت اگلے ہفتے پیر کے دن سے جرمنی کا تین روزہ سرکاری دورہ کرنے والے ہیں اور اس دورے سے قبل ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والے اپنے بیانات میں صدر گل نے کہا ہے کہ آج کے جرمن معاشرے میں ہونا یہ چاہیے کہ ترک نسل کا کوئی بھی شہری، جو جرمن شہریت رکھتا ہو، اپنے باقی ہموطنوں کی طرح مقامی باشندوں کے لہجے میں جرمن زبان بول سکتا ہو۔

صدر عبداللہ گل نے جرمن ہفت روزہ جریدے دی سائٹ (Die Zeit) اور ترک روزنامے ’زمان‘ کے ساتھ ایک مشترکہ انٹرویو میں کہا کہ کسی بھی معاشرے کے لوگوں کے لسانی انضمام کا کام جس پہلی جگہ پر کیا جا سکتا ہے، وہ چھوٹے بچوں کا کنڈر گارٹن ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’اگر جرمنی میں ترک نژاد باشندے اپنے بچوں کو کنڈر گارٹن نہیں بھیجتے، تو ہمیں ہر حال میں اس کی وجوہات کا پتہ چلانا ہو گا۔‘‘

Der türkische Aussenminister Abdullah Gül mit Angela Merkel
جرمن چانسلر میرکل اور ترک صدر عبداللہ گل، فائل فوٹوتصویر: AP

ابھی کچھ عرصہ پہلے ہی ترک وزیر اعظم رجب طیب ایردوآن اپنے اس بیان کے ساتھ ایک طویل اور بھرپور بحث کی وجہ بن گئے تھے کہ جرمنی میں ترک نسل کے باشندوں کو اپنے ترک تشخص کو قائم رکھنا چاہیے اور اپنے بچوں کو جرمن سے پہلے ترک زبان سکھانا چاہیے۔

اپنے اس انٹرویو میں ترک صدر نے یہ بھی کہا کہ 1960ءکے عشرے سے مہمان کارکنوں کے طور پر جرمنی جانے والے ترک باشندوں نے جرمنی کی اقتصادی ترقی میں جو بہت اہم کردار ادا کیا ہے، آج تک اسے بھی کافی ثابت ہونے والے انداز میں تسلیم نہیں کیا گیا۔ عبداللہ گل کے مطابق ان لاکھوں ترک نژاد کارکنوں نے جرمنی کی دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کی کوششوں میں بہت مدد کی۔

ترک صدر پیر 19ستمبر سے جرمنی کا جو تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے، اس دوران وہ جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور اپنے جرمن ہم منصب کرسٹیان وولف سے بھی ملیں گے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید