جرمن ماحولیاتی اور معاشی پالیسیاں امریکہ کے لیے سبق ہیں، اوباما
6 جون 2011جرمن اخبار ’ڈیر ٹاگس شپیگل‘ سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر باراک اوباما کا کہنا تھا: ’’ ماحولیاتی حوالے سے جرمنی کا عزم قابل تعریف ہے۔ ماحول دوست پالیسیاں اپنا کر معاشی ترقی کیسے کی جاسکتی ہے، اس حوالے سے ہم برلن سے سیکھ سکتے ہیں۔‘‘
عالمی اقتصادی بحران سے نکلنے اور معاشی نمو کے لیے امریکہ اور یورپ کے درمیان اتفاق رائے کم ہی نظر آیا ہے۔ جرمن چانسلر مشکل معاشی صورتحال سے نکلنے کے لیے مالی کفایت شعاری پر زور دیتی آئی ہیں تو باراک اوباما محرکاتی اخراجات کے حامی ہیں۔
امریکی صدر باراک اوباما نے اسی اختلاف رائے کا حوالہ دیتے ہوئے جرمنی کی طرف سے معاشی استحکام حاصل کرنے کی تعریف کی: ’’ ہم اقتصادی بہتری کے لیے معاشی امداد کی فراہمی اور دیرپا مالیاتی استحکام کے لیے ضروری اقدامات کے درمیان درست تناسب تلاش کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔‘‘
جرمنی میں بے روزگاری کی شرح میں کمی کو امریکی صدر نے سراہتے ہوئے کہا: ’’ جرمنی نے روزگار کی فراہمی کے حوالے سے بڑی کامیابی حاصل کی ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ اس وقت جرمنی میں جتنے لوگ روزگار پر لگے ہوئے ہیں وہ جرمنی کے اتحاد کے بعد سے سب سے زیادہ تعداد ہے۔‘‘
گزشتہ ماہ یعنی مئی چوتھا مسلسل مہینہ تھا جب جرمنی میں بے روزگاری کی شرح میں کمی دیکھی گئی۔ مئی میں یہ شرح سات فیصد تھی، جبکہ اپریل میں یہ شرح 7.1 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔
جرمنی کے مقابلے میں امریکہ میں یہ اعداد وشمار کچھ زیادہ بہتر نہیں ہیں۔ مئی کے مہینے میں برسر روزگار افراد کی شرح گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران کم ترین تھی۔ مئی میں بے روزگاری کی شرح 9.1 فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ اپریل میں یہ شرح نو فیصد تھی۔
جرمن چانسلر انگیلا میرکل آج پیر کے روز اپنے سرکاری دورے پر واشنگٹن جارہی ہیں۔ امریکی صدر منگل کے روز جرمن چانسلر کو امریکہ کا سب سے بڑا غیر فوجی اعزاز ’تمغہ آزادی‘ دیں گے۔
رپورٹ: افسر اعوان
ادارت: عاطف بلوچ