1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنگیں اور مسلح تنازعات: دس ہزار سے زائد بچے ہلاک یا معذور

28 جون 2018

اقوام متحدہ کے مطابق گزشتہ برس دنیا بھر میں مختلف جنگوں اور مسلح تنازعات میں دس ہزار سے زائد بچے ہلاک یا معذور ہو گئے۔ اس کے علاوہ بہت سے بچوں کو ریپ کیا گیا اور جنگوں میں نابالغ فوجیوں کے طور پر بھی استعمال کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/30TFO
تصویر: picture-alliance/AP Photo/H. Mohammed

امریکی شہر نیو یارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفاتر سے جمعرات اٹھائیس جون کو ملنے والے نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مراسلوں کے مطابق اس عالمی ادارے نے اپنی ایک نئی رپورٹ میں بتایا ہے کہ 2017ء میں دنیا بھر میں بہت سے بحران زدہ علاقوں میں جنگی کارروائیوں کے دوران بے شمار اسکولوں اور ہسپتالوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ ایسی کارروائیاں بھی سینکڑوں بچوں کے ہلاک یا زخمی ہونے کا سبب بنیں۔

عالمی ادارے کی اس سالانہ رپورٹ کو ’بچے اور مسلح تنازعات‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس 21 ہزار سے زائد واقعات میں مسلح تنازعات کے شکار علاقوں میں بچوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزیاں بھی کی گئیں۔ یہ شرح 2016ء میں ایسی خلاف ورزیوں کی سالانہ تعداد کے مقابلے میں بہت ہی زیادہ تھی۔

عالمی ادارے کی اس رپورٹ میں عرب دنیا کے غریب ترین ملک یمن کی صورت حال کا خاص طور پر ذکر کیا گیا ہے۔ یمن میں خانہ جنگی کی وجہ سے پچھلے سال مجموعی طور پر 1300 سے زائد بچے ہلاک یا زخمی ہوئے۔

Yemen Kindersoldaten in Aden
نابالغ بچے جن کے ہاتھوں میں قلم کتاب کے بجائے بندوقیں پکڑا دی گئیںتصویر: Getty Images/AFP/S. Al-Obeidi

اس رپورٹ کے مصنفین کے مطابق ان 1300 سے زائد بچوں کے ہلاک یا زخمی ہونے کے واقعات میں سے نصف سے زائد کا ذمے دار سعودی عرب کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد بنا۔ اس عسکری اتحاد کو امریکا کی حمایت بھی حاصل ہے اور وہ یمن میں ایران نواز حوثی شیعہ باغیوں کے خلاف اپنے زمین، بحری اور فضائی حملے ابھی تک جاری رکھے ہوئے ہے۔

قریب 700 یمنی بچوں کی موت اور ان کے معذور یا زخمی ہو جانے کے واقعات کا سبب زیادہ تر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی طرف سے حوثی باغیوں کے خلاف کیے جانے والے زمینی اور فضائی حملے بنے۔ یمنی تنازعے میں حوثی باغیوں کا حریف دھڑا اس ملک کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت ہے۔

اس رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 2017ء میں یمن سمیت کئی ممالک میں جاری مسلح تنازعات میں ایسے بچوں کو بھی نابالغ فوجیوں کے طور پر جنگ میں جھونک دیا گیا، جن کی انفرادی عمریں محض 11 برس تک تھیں۔ مسلح تنازعات والے علاقوں میں بچوں کے حقوق سے متعلق عالمی ادارے کی خصوصی مندوب ورجینیا گیمبا نے اس موقع پر کہا، ’’یہ بچے دنیا کے کسی بھی دوسرے ملک کے بچوں سے کم حقوق کے مالک نہیں اور نہ ہی ان سے ایسا سلوک کیا جانا چاہیے، جیسے وہ کم تر حقوق کے حامل ہوں۔‘‘

ورجینیا گیمبا نے مطالبہ کیا کہ بحران زدہ علاقوں کے بچوں کو بھی یہ پورا موقع ملنا چاہیے کہ وہ اپنا بچپن اور اپنی زندگی بامقصد طریقے سے گزار سکیں اور انہیں بھی معمول کی زندگی گزارنے کے لیے بحالی کے مکمل مواقع مہیا کیے جائیں۔

Vom Krieg zerstörte Schulen in Jemen Hodeidah
جنگ زدہ علاقوں میں ہسپتالوں اور اسکولوں تک کو بمباری کا نشانہ بنایا گیاتصویر: Reuters/A. Zeyad

ورجینیا گیمبا کے بقول اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے اس رپورٹ میں شامل کردہ حقائق کو ’سچ لیکن قابل مذمت‘ قرار دیتے ہوئے ان پر اپنے شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔

پچھلے برس دنیا بھر میں جو 10 ہزار سے زائد بچے جنگوں اور مسلح تنازعات کے نتیجے میں ہلاک یا معذور ہو گئے، ان کی اکثریت کا تعلق عراق، میانمار، وسطی افریقی جمہوریہ، ڈیموکریٹک ریپبلک کانگو، جنوبی سوڈان، شام اور یمن سے تھا۔

دیگر تکلیف دہ حقائق میں یہ بھی شامل ہے کہ صرف جنوبی سوڈان میں 1200 سے زائد بچوں کو فوجیوں کے طور پر بھرتی کیا گیا، عراق میں 1036 بچے ’ملکی سلامتی کے تحفظ‘ کے نام پر مختلف جیلوں میں بند تھے اور صومالیہ میں دہشت گرد تنظیم الشباب کے شدت پسندوں نے مبینہ طور پر 1600 بچوں کو اغواء کر کے یا تو ان سے جنسی زیادتیاں کیں یا پھر انہیں جنگجوؤں کے طور پر اپنی صفوں میں شامل کر لیا۔

2016ء میں کل ساڑھے پندرہ ہزار واقعات کے مقابلے میں 2017ء میں مجموعی طور پر بچوں کے حقوق کی عالمی سطح پر جو 21 ہزار سے زائد خلاف ورزیاں کی گئیں، ان میں سے 9000 سے زائد خلاف ورزیاں مختلف ممالک کی سرکاری فورسز نے کیں۔

م م / ع ا / اے پی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید