1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
کھیلبرطانیہ

’جیمز اینڈرسن کی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ درست ہے‘

14 مئی 2024

جیمز اینڈرسن نے 21 سالہ بین الاقوامی کیریئر میں سات سو وکٹیں تو حاصل کی ہی ہیں لیکن انہیں انگلستان کا ’عظیم ترین‘ فاسٹ بولر بھی قرار دیا جا رہا ہے۔ وہ آخری ٹیسٹ میچ 10 تا 14 جولائی ویسٹ انڈیز کے خلاف لارڈز میں کھلیں گے۔

https://p.dw.com/p/4fpSF
Flash-Galerie Cricket James Anderson
تصویر: AP

انگلش قومی کرکٹ ٹیم کے مینجنگ ڈائریکٹر رابرٹ کی نے اکتالیس سالہ جیمز اینڈرسن کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیشرفت انگلش قومی کرکٹ ٹیم کے لیے بھی بہتر ہے کیونکہ مستقبل کے لیے نئے کھلاڑیوں کو تیار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

جیمز اینڈرسن نے ہفتے کے دن ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تو دنیائے کرکٹ نے انہیں شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ انگلش نیوز پیپرز نے انہیں انگلیند کی تاریخ کا 'عظیم ترین فاسٹ بولر‘ کہہ کر مخاطب کیا جبکہ ان کے ساتھی کھلاڑیوں نے بہترین 'سپورٹس مین‘  قرار دیا۔

جیمز اینڈرسن نے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ سن 2003 میں لارڈز کے مقام پر ہی کھیلا تھا۔ 188 ٹیسٹ میچ کھیلنے کے بعد وہ اپنا آخری ٹیسٹ میچ بھی 'کرکٹ کا گھر‘  قرار دیے جانے والے اسی گراؤنڈ میں کھیلیں گے۔ ایںڈرسن ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ تاہم وہ ایسے اولین فاسٹ بولر ہیں، جنہوں نے سات سو وکٹیں حاصل کی ہیں۔

روی چندرن ایشون کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کا ایلیٹ اعزاز

انگلینڈ کرکٹ میں نسل پرستی اور صنفی تعصب موجود، رپورٹ

سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں کس نے حاصل کیں؟

ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے سری لنکا کے جادوئی آف اسپنر مرلی دھرن ہیں، جنہوں نے 133 میچوں میں آٹھ سو وکٹیں اپنے نام کیں۔ دوسرے نمبر پر آسٹریلیا کے لیجنڈری لیگ اسپنر شین وارن ہیں، جنہوں نے 145 میچوں میں 708 وکٹیں لیں۔

رابرٹ کی نے امید ظاہر کی ہے کہ اینڈرسن کا آخری میچ شاندار ہو گا اور وہ بہترین کارکردگی دیکھائیں گے۔ انہوں نے بی بی سی کے ایک پوڈ کاسٹ میں انہوں نے مزید کہا، ''درست وقت پر یہ درست فیصلہ ہے۔ مجھے امید ہے کہ لارڈز میں ان (اینڈرسن) کا آخری میچ زبردست ہو گا۔‘‘

کی نے کہا کہ ہیڈ کوچ برینڈن میکیکلم فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن سے ان کے مستقبل کے بارے میں گفتگو کے لیے نیوزی لینڈ سے خصوصی طور پر پرواز بھر کر انگلینڈ آئے۔ کی نے کہا کہ ان کی اینڈرسن سے ڈیڑھ گھنٹہ گفتگو ہوئی، جس میں اینڈرسن قائل کو کیا گیا کہ وہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیں۔

انگلش قومی کرکٹ ٹیم کے مینجنگ ڈائریکٹر رابرٹ کی کے بقول، ''میرے خیال میں جمی (جیمز اینڈرسن) اس ملاقات کی توقع نہیں کر رہے تھے لیکن ایسا بھی نہیں یہ بالکل ہی غیر متوقع تھی۔‘‘ انہوں نے واضح کیا کہ ریٹائرمنٹ کے فوری فیصلے کے لیے اینڈرسن پر زور نہیں دیا گیا اور انہوں نے خود ہی فیصلہ کیا کہ وہ آخری میچ لارڈز میں کھیلنا چاہتے ہیں۔

جیمز اینڈرسن اپنا آخری ٹیسٹ میچ دس تا چودہ جولائی ویسٹ انڈیز کے خلاف لارڈز میں کھلیں گے۔ یہ میچ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ہو گا۔

ع ب/ ا ا (روئٹرز، اے ایف پی)