1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خواتین کا عالمی دن، جرمن چانسلر کا بیان

8 مارچ 2011

اپنے ہفتہ وار ویڈیو خطاب میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے جرمنی میں کارپوریٹ سیکٹر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خواتین کو اچھی ملازمتیں دینے سے کتراتا ہے۔

https://p.dw.com/p/10V0m
تصویر: AP

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے یہ بیان خواتین کے عالمی دن کے موقع کی مناسبت سے دیا۔ انگیلا میرکل نے کہا کہ جرمن کمپنیاں خواتین کو انتظامی جگہوں پر سرکردہ عہدوں ملازمتیں دینے کے عمل کو فروغ نہیں دے رہی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ خواتین کو اعلیٰ ملازمتیں دینے کے لیے کوششیں تیز تر کی جانی چاہییں۔

عوام کے نام اپنے اِس ویڈیو خطاب میں میرکل نے کہا،’ بالخصوص بڑی کمپنیوں میں جب خواتین کے اعلیٰ عہدوں پر تعینات ہونے کی بات کی جاتی ہے تو عالمی سطح پر جرمنی نچلی سطح پر آتا ہے‘۔ ان کا یہ خطاب ہفتے کی دن نشر کیا گیا۔

Frau im Büro mit Telefon
جرمنی میں اعلیٰ انتظامی عہدوں پر خواتین کو کم ہی فائز کیا جاتا ہےتصویر: BilderBox

جرمن چانسلر نے مزید کہا کہ خواتین کو اچھی جگہوں پر ملازمتیں دلوانے کے حوالے سے ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے،’آئندہ کچھ برسوں میں بہت کچھ کیا جا سکتا ہے‘۔

جرمنی کی پہلی خاتون چانسلر انگیلا میرکل نے بڑی کمپنیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دس برس قبل جو وعدے کیے تھے، کہ وہ خواتین کو اچھی ملازمتوں کے لیے ترجیح دیں گے، وہ ابھی تک پورے نہیں کیے گئے ہیں۔ خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے انہوں نے کہا کہ حکومت ان کمپنیوں کے ساتھ دوبارہ مذاکرات شروع کرے گی تاکہ خواتین کی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر حکمت عملی ترتیب دی جا سکے۔

اعلیٰ ملازمتوں میں خواتین کے لیے کوئی کوٹہ مختص کیے جانے پر جرمن سیاسی منظر نامے پر مختلف آراء پائی جاتی ہیں۔ خاتون وزیر برائے محنت اُرسلا فان ڈیئر لاین نے تجویز پیش کی تھی کہ خواتین کو اچھی ملازمتوں میں جگہ دلوانے کے لیے کوئی کوٹہ مختص کیا جائے تاہم میرکل نے اس تجویز کو مسترد کر دیا تھا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں