1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ریمنڈ ڈیوس مقدمہ، فیصلے کے لئے عدالت: سابق پاکستانی وزیرخارجہ

23 فروری 2011

پاکستان کے سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اگر امریکہ سمجھتا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کو سفارتی استثنیٰ اور قانون کا مضبوط سہارا حاصل ہے، تو یہ بات عدالت میں ثابت کی جائے۔

https://p.dw.com/p/10OLR
تصویر: AP

بدھ کے روز راولپنڈی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں امریکی سفیر نے دھمکی دی تھی کہ اگر ریمنڈ ڈیوس کو سفارتی استثنیٰ نہ دیا گیا، تو ان کی (شاہ محمود قریشی ) جرمنی میں امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کے ساتھ ہونے والی ملاقات منسوخ کر دی جائے گی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افسوس ہے کہ امریکہ نے ماضی سے کوئی سبق نہیں سیکھا اور منع کرنے کے باوجود ریمنڈ ڈیوس کے معاملے پر پبلک مسیجنگ اور دھمکیوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ انہوں نے امریکہ پر واضح کیا تھا کہ دھمکیوں سے معاملات مزید الجھیں گے۔

واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی نے ایک دن قبل پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر مجبور کیا گیا تو وہ ریمنڈ ڈیوس کا کیس خراب کرنے والے افراد کا نام منظر عام پر لے آئیں گے۔

In Pakistan inhaftierter US Diplomat Raymond Allen Davis
سکیورٹی اہلکار ریمنڈ ڈیوس کو عدالت لے جاتے ہوئےتصویر: AP

دوسری جانب پاکستان کی خارجہ امور کی وزیر مملکت حنا ربانی کھر کا کہنا ہے کہ پاکستان ریمنڈ ڈیوس کیس میں ویانا کنونشن کی تشریح کے لیے بین الاقوامی قانون کے ماہر کی خدمات حاصل کرے گا۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ابھی اس معاملے کو عالمی عدالت انصاف میں لے جانے کا فیصلہ نہیں کیا البتہ سفارتی استثنیٰ کے حوالے سے بین الاقوامی قوانین کی تشریح کے لیے رائے ضرور حاصل کی جائے گی۔

وزیر مملکت کے اس بیان پر قانونی ماہرین نے اسے وقت کا ضیاع قرار دیا ہے۔ سابق جج اور سینیئر قانون دان طارق محمود کا کہنا ہے، ’بات بالکل سیدھی ہے ویانا کنونشن 1961ء کے تحت یہ فیصلہ ہونا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کا تعلق امریکی ایمبیسی سے تھا، وہ ڈپلومیٹ تھے یا انتظامی یا تکنیکی سٹاف سے تعلق رکھتے تھے اور اس سوال کی بنیاد حقائق ہیں، جو صرف پاکستانی دفتر خارجہ ہی واضح کر سکتا ہے۔‘

انہوں نے کہا ، ’اس معاملے میں پہلے حقائق اور پھر قانون کی بات ہو گی۔ اسی لیے عدالت نے وفاقی حکومت سے جواب طلب کیا تھا، جس کے لیے حکومت نے مہلت مانگی اور وہ انہیں دی گئی۔ اس سے ثابت ہوتا ہے ریمنڈ ڈیوس کیس کا فیصلہ وفاقی حکومت کے جواب پر ہی ہوگا۔‘

دریں اثناء وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے آج (بدھ) کو اسلام آباد میں تمام اتحادی جماعتوں کا سربراہی اجلاس طلب کر رکھا ہے۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں پنجاب میں نواز لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان مخلوط حکومت کے حوالے سے اختلافات اور ریمنڈ ڈیوس کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

رپورٹ شکور رحیم، اسلام آباد

ادارت عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں