سشما سوراج کو دعوت، شاہ محمود او آئی سی نہیں جائیں گے
1 مارچ 2019پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات میں اسلامی ممالک کے تعاون کی تنظیم ’آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن‘ کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستانی پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا، ’’میں وزرائے خارجہ کی کونسل میں نہیں جاؤں گا۔‘‘ شاہ محمود قریشی نے اجلاس کو تاہم یہ بتایا کہ بعض نچلے درجے کے اہلکاروں پر مشتمل ایک وفد اس میں شرکت کرتے ہوئے پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔
شاہ محمود قریشی کے مطابق یہ فیصلہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کو بطور ’اعزازی مہمان‘ مدعو کرنے کے فیصلے کے خلاف بطور احتجاج کیا گیا ہے۔ قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت نہ تو او آئی سی کا رکن ہے اور نہ ہی مبصر اسی باعث انہوں نے متحدہ عرب امارات سے کہا تھا کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں وہ یا تو بھارتی وزیر خارجہ کو مدعو کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے یا پھر یہ اجلاس مؤخر کیا جائے۔ پاکستانی وزیر خارجہ کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ کو مدعو کرنے کے فیصلے پر او آئی سی کی سطح پر کوئی مشاورت بھی نہیں کی گئی تھی۔
خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ان دنوں کشیدگی انتہائی عروج پر ہے۔ بھارت کی جانب سے پاکستانی علاقے میں جیش محمد کے ایک کیمپ کو نشانے بنانے کے دعوے کے بعد بدھ 27 فروری کو پاکستان نے بھارت کے ایک جنگی طیارے کو اپنی حدود میں مار گرایا تھا اور اس کے پائلٹ کو گرفتار کر لیا تھا۔ تاہم پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے جمعرات کے روز پارلیمان کے مشترکہ اجلاس کو بتایا تھا کہ پاکستان تناؤ میں کمی لانے کے لیے بھارتی ایئرفورس کے پائلٹ کو جمعے کے روز واپس بھیج دے گا۔
مسلمان ملکوں پر مبنی آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس آج ابوظہبی میں جمعہ یکم مارچ سے شروع ہو رہا ہے۔
ا ب ا / ع ا (روئٹرز)