1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہسعودی عرب

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان مصر پہنچ گئے

21 جون 2022

سعودی عرب کے عملاً حکمراں ولی عہد محمد بن سلمان تین ملکوں کے سرکاری دورے کے پہلے مرحلے میں پیر کے روز مصر پہنچ گئے۔ تین برسوں کے دوران خلیجی علاقے کے باہر یہ ان کا پہلا دورہ ہے، وہ اردن اور ترکی بھی جائیں گے۔

https://p.dw.com/p/4CyZr
Ägypten Mohammed bin Salman, Kronprinz Saudi-Arabien & Abdel Fatah al-Sisi, Präsident
تصویر: Reuters/Courtesy of Saudi Royal Court/Bandar Algaloud

سعودی ولی عہد کا مشرق وسطی کے ملکوں کا یہ دورہ ایسے وقت ہورہا ہے جب اگلے ماہ امریکی صدر جو بائیڈن اس خطے کا دورہ کرنے والے ہیں۔ وہ اسرائیلی رہنماوں سے ملاقات کے بعد سعودی عرب کے رہنماوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ امریکی صدر علاقائی سلامتی کے علاوہ یوکرین جنگ جیسے امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان مصر، اردن اور ترکی کے رہنماوں کے ساتھ اپنی بات چیت کے دوران باہمی تعاون اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

دورے پر روانگی سے قبل سعودی ایوان شاہی سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ، "شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر ولی عہد محمد بن سلمان مصر، اردن اور ترکی کے دورے پر روانہ ہوگئے، جہاں وہ تینوں ملکوں کے رہنماوں سے ملاقات کریں گے۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز چاہتے ہیں کہ سعودی عرب اور برادر ملکوں کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات مضبوط اور تینوں ملکوں کے ساتھ رابطے مستحکم ہوں۔"

Ägypten Mohammed bin Salman, Kronprinz Saudi-Arabien & Abdel Fatah al-Sisi, Präsident
تصویر: Reuters/Courtesy of Saudi Royal Court/Bandar Algaloud

عبدالفتاح السیسی نے محمد بن سلمان کا استقبال کیا

مصر کے صدارتی دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر عبدالفتاح السیسی نے دارالحکومت قاہرہ پہنچنے پر ولی عہد محمد بن سلمان کا خیر مقدم کیا۔

سعودی عرب اور مصر کے درمیان مضبوط تعلقات کی عرب دنیا کے لیے خصوصی اہمیت ہے اور دونوں ممالک تاریخی طور پر ایک دوسرے کو خطے کا اہم اتحادی سمجھتے ہیں۔

فوجی بغاوت کے ذریعہ السیسی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے سعودی عرب نے مصر کو اربوں ڈالر کی مالی امداد فراہم کی ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ محمد بن سلمان کے اس دورے کے دوران سعودی کمپنیاں مصر میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا اعلان کریں گی۔ یوکرین کی جنگ کی وجہ سے مصر کی معیشت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

ولی عہد محمد بن سلمان منگل کے روز ہی عمان روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ شاہ عبداللہ کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد اردن کے ساتھ کشیدہ تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔ وہ اردن کی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے مالی امداد کا وعدہ بھی کرسکتے ہیں۔

Saudi-Arabien König Salman trifft den türkischen Präsident Erdogan
اردوآن نے اپریل میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھاتصویر: Burhan Ozbilici/AP Photo/picture alliance

تین برس کے دوران خلیج کے باہر پہلا دورہ

سن 2018 میں سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل اور کووڈ انیس کی وبا کے بعد سے ولی عہد کا خلیج کے باہر یہ پہلا دورہ ہے۔انہوں نے سن 2018میں مصر اور 2019میں جاپان کا دورہ کیا تھا۔

استنبول کے سعودی سفارت خانے میں خاشقجی کے قتل کے بعد سعودی عرب کے واشنگٹن اور انقرہ کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔

ترک صدر رجب طیب اردوآن نے خاشقجی کے قتل کے مقدمے کو بند کرکے سعودی عرب کے ساتھ تعلقا ت کو استوار کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سعودی عرب ترکی کو اقتصادی پریشانیوں سے نکالنے میں مدد کرسکتا ہے۔

گزشتہ کئی برسوں کے دوران پہلی مرتبہ اپریل میں سعودی عرب کا دورہ کرنے والے اlردوآن نے کہا کہ وہ بدھ کے روز ولی عہد محمد بن سلمان کی میزبانی کریں گے۔

ایک سینئر ترک عہدیدار کا کہنا تھا،"ایک نئے دور کا آغاز ہوگا اور تعلقات مکمل طورپر معمول پر آجائیں گے۔ اس دورے کے دوران توانائی، معیشت اور سکیورٹی سمیت دیگر شعبوں میں معاہدے ہونے کی امید ہے۔"

 ج ا/ ص ز (اے ایف پی، اے پی، رویٹرز)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید