1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سیمی فائنل میں شکست پر جرمنی میں اداسی

8 جولائی 2010

سپین نے جرمنی کو فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں صفر کے مقابلے پر ایک گول سے ہرا کر پہلی بار اس عالمی مقابلے کے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/ODdn
تصویر: AP

ہسپانوی شہر میڈرڈ میں ہزاروں افراد ریال میڈرڈ کے سٹیڈیم میں میچ دیکھنے کے بعد سڑکوں پر پوری رات جشن مناتے رہے۔ دوسری جانب جرمن دارالحکومت برلن میں شائقین کے چہروں پر اداسی نمایاں تھی۔

فاتح ٹیم کی طرف سے تجربہ کار سینٹر بیک کارلیس پویول نے دوسرے ہاف میں گول کر کے جیت کی بنیاد رکھی۔ پہلے ہاف میں دونوں یورپی ٹیمیں انتہائی محتاط انداز سے کھیلتی رہیں۔ جرمن ٹیم نے دوسرے ہاف میں گول برابر کرنے کی سرتوڑ کوششیں کی تاہم ہسپانوی دفاع ناقابل تسخیر رہا۔

Flash-Galerie Fußball WM 2010 Südafrika Halbfinale Deutschland Spanien
میچ میں ہوئے واحد گول کا منظرتصویر: AP

سپین ٹیم نے پلٹ کر جرمن گول پر حملے بھی کئے اور ایک موقع پر دوسرا گول بھی یقینی تھا مگر ہسپانوی کھلاڑی پیڈرو روڈریگیز نے یہ موقع ضائع کیا۔

پہلے ہاف میں بھی سپین کی ٹیم کو کارنر شارٹس پر کم از کم دو بار یقینی گول کے مواقع ملے تھے۔ ہاف کے اختتامی لمحات میں جرمن کھلاڑی محسوت اوزل سپین کے ڈی ایریا میں دفاعی کھلاڑی سے ٹکرانے اور گرنے کے بعد پینلٹی کِک کی امید کر رہے تھے مگر ریفری نے کھیل جاری رکھنے کو کہا۔

فیفا ورلڈ کپ کے اس دوسرے سیمی فائنل میں دونوں ٹیموں نے روایتی یورپی طرز کا فٹبال کھیلا، جس میں سپین کا کھیل زیادہ متاثر کن رہا۔

جنوبی افریقہ میں ڈربن کے میدان پر کھیلے گئے اس میچ میں جرمنی کو فیورٹ سمجھا جا رہا تھا۔ جرمنی نے کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن کو چار گول سے شکست دی تھی، جس کے بعد اُس سے وابستہ امیدیں اور بھی بڑھ گئی تھیں۔ تین بار کی یہ عالمی چیمپئن ٹیم 2008ء کے یورو کپ فائنل میں بھی سپین ہی سے ہار گئی تھی۔

Fußball Südafrika WM 2010 Spanien gegen Portugal Fans Flash-Galerie
سپین میں شائقین اپنی ٹیم کی تاریخی جیت پر خوشی سے دیوانے ہوگئےتصویر: AP

ہسپاونی کوچ ونسینتے ڈیل بوسکی کے بقول دفاعی اور فاروڈ کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔ جرمن کپتان فلپ لاہم نے تسلیم کیا کہ ہسپانوی ٹیم زیادہ بہتر کھیلی۔ لاہم کے بقول جرمن ٹیم زیادہ دلیری سے نہیں کھیلی اور دوسرے ہاف میں یقینی گول کا ایک موقع ضائع کیا۔ جرمن ٹیم نے اس میچ میں اپنے نوجوان کھلاڑی تھوماس ملر کی کمی بھی محسوس کی، جنہیں کوارٹر فائنل میں زرد کارڈ دکھا کر سیمی فائنل کھیلنے سے روک دیا گیا تھا۔

عالمی کپ کا فائنل مقابلہ اب اتوار کو جوہانسبرگ کے سوکر سٹی میدان پر ہالینڈ اور سپین کے درمیان ہوگا۔ اس سے پہلے ان دونوں ٹیموں کا ورلڈ کپ کے مقابلوں میں کبھی ایک دوسرے سے آمنا سامنا نہیں ہوا۔ دو بار عالمی کپ کے فائنل میں پہنچنے والی ہالینڈ کی ٹیم یوروگوائے کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر فائنل تک پہنچی ہے۔

جرمن ٹیم تیسری پوزیشن کے میچ کے لئے ہفتے کو یوروگوائے سے مقابلہ کرے گی۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید