سیکورٹی خدشات، ویسٹ انڈیز نے بھی دورہ پاکستان منسوخ کر دیا
4 اکتوبر 2008پاکستان میں پرتشدد واقعات اورخود کش حملوں کےتسلسل کےنتیجےمیں ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نےمردوں کی قومی کرکٹ ٹیم کےدورہ پاکستان پرتحفظات کا اظہار کیا تھا تاہم اب انہوں نےسیکورٹی وجوہات کی بنیاد پر ویسٹ انڈیز کی خواتین قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ کر دیا ہے۔
اٹھارہ اکتوبر سے شروع ہونے والے اس دورے میں ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم نے پانچ ایک روزہ میچ اور تین ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے تھے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیکورٹی کے بہترین انتظامات کی یقین دہانی کروائی تھی اور یہ تمام میچ کراچی میں کھیلے جانے تھے اور صرف ایک میچ حیدر آباد میں منعقد کراوانے کا پروگرام بنایا گیا تھا۔ تاہم ایشیا کے دورے پرآ ئی ہوئی خواتین کرکٹ ٹیم اب پاکستان نہیں آئے گی۔
دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر آپریشنز سلطان رانا نے ڈوئچے ویلے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات پر حیران ہیں کہ تمام ٹیمیں بھارت اور سری لنکا کا دورہ کر رہی ہیں اور انہیں کوئی پریشانی نہیں ہے اگرچہ وہاں بھی صورتحال پاکستان سے مختلف نہیں ہے لیکن جب پاکستان کی باری آتی ہے تو وہی ممالک انکار کر دیتے ہیں۔ سلطان رانا نے کہا کہ انہوں نے سیکورٹی کے بہترین انتظامات کر رکھے تھے تاہم اب ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کی طرف سے اس دورے کو منسوخ کرنے پر شدید مایوس ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت اور سری لنکا میں بھی سیکورٹی کی مخدوش صورتحال کے باوجود تمام کرکٹ بورڈز کووہاں کھیلنے میں کوئی مسلہ نہیں ہے۔ پاکستان میں سیکورٹی کی ابتر صورتحال کی وجہ سے جہاں خوف و حراس کے علاوہ ملک کی اقتصادی صورتحال شدید متاثر ہو رہی ہے وہیں کھیل اور صنعت جیسے شعبوں میں بھی زوال نمایاں نظر آرہا ہے۔