1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شام: بےگھرہونے والے افراد کی تعداد میں واضح اضافہ

18 فروری 2020

شام میں جاری خانہ جنگی سے بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد نو لاکھ تک پہنچ گئی ہے اور اس سے سب سے زیادہ خواتین و بچے متاثر ہورہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3Xv8F
Syrien Winter in Idlib
تصویر: picture-alliance/AA/M. Abdullah

اقوام متحدہ کے تازہ بیان کے مطابق شام شمال مغربی علاقے میں بحران 'خوف کی نئی سطح' تک پہنچ چکا ہے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں تشدد کے وجہ سے بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد نو لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ یہ تعداد اس سے پہلے کے اعداد و شمار سے ایک لاکھ زیادہ ہے۔

اقوام متحدہ میں امدادی سرگرمیوں کے سربراہ مارک لوکاک کا کہنا ہے متاثرہ افراد میں بیشتر تعداد خواتین اور بچوں کی ہے، "جنہیں صدمہ پہنچا ہے اور چونکہ کیمپوں میں جگہ نہیں بچی ہے اس لیے وہ یخبستہ سردی کے موسم میں کھلے آسمان کے نیچے سونے پر مجبور ہیں۔ مائیں اپنے بچوں کو گرم رکھنے کے لیے پلاسٹک جلاتی ہیں۔ شدید سردی کے سبب کم سن بچے ہلاک ہورہے ہیں۔"

انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ پیغام میں لکھا، "شام کے شمال مغربی علاقے میں بحران خوف کی نئی سطح تک پہنچ گیا ہے جہاں يکم دسمبر سے اب تک نو لاکھ لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔ اکیسویں صدی کے اس سب سے بڑے انسانی المیے سے اسی صورت میں بچا جا سکتا ہے جب سکیورٹی کاؤنسل اور اثر رسوخ والے لوگ کارروائی کریں۔"

Syrien Idlib Zivilisten FLucht Bürgerkrieg
ادلب سے جان بجا کر فرار ہونے پر مجبور نہتے شہری۔تصویر: picture-alliance/dpa/AP

شام کے ادلب اور صوبہ حلب کے آس پاس تقریبا تیس لاکھ لوگ آباد ہیں جس میں سے نصف آبادی شام کے دوسرے علاقوں سے بےگھر ہوکر یہاں پہنچی ہے۔ اقوام متحدہ نے اس سلسلے میں اپنی پریس ریلیز میں کہا ہے، "بلا امتیاز تشدد برپا ہے۔ ہسپتالوں، اسکولوں، رہائشی علاقوں، مساجد اور بازاری علاقوں میں حملے کیے گئے ہیں۔بیماریوں کے پھیلنے کا شدید خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ بنیادی ڈھانچہ بری طرح سے تباہ ہوتا جا رہا ہے۔"

"ہمیں اب اس طرح کی بھی اطلاعات مل رہی ہیں کہ جن علاقوں میں بے گھر ہونے والے افراد بسے ہیں ان پر بھی حملے کیے جارہے ہیں جس کے سبب نہ صرف بہت سے افراد ہلاک اور زخمی ہورہے ہیں بلکہ مزید لوگ بے گھر ہورہے ہیں۔ ترکی سے متصل سرحد پر بڑا امدادی آپریشن جاری ہے لیکن یہ ناکافی پڑ رہا ہے۔"

Syrien Massengrab entdeckt
دو ہزار بارہ سے دو ہزار چودہ کے دوران ہلاک ہونے والے شامی شہریوں کی اجتماعی قبر دریافت۔تصویر: AFP/SANA

 

اس بحران کی زد میں آکر بہت سے امدادی اور انسانی حقوق کے کارکن بھی ہلاک یا بے گھر ہونے پر مجبور ہیں۔ لوکاک کا کہنا ہے کہ اکیسویں صدی کے اس سب سے بڑی انسانیت سوز اور خوفناک کہانی سے بچنے کے لیے فوری طور پر ہنگامی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا، "انفرادی مفادات کو اس انسانیت سوز آپریشن کی راہ میں آڑے نہیں آنا چاہیے۔ ہمارے پاس صرف اور صرف جنگ بندی ہی ایک چارہ ہے۔"

ص ز/ ج ا/ ایجنسیاں

 LINK:

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں