صدر پوٹن کی طرف سے چار پاکستانیوں کے لیے خصوصی ایوارڈ
4 ستمبر 2018روسی نیوز ایجنسی ٹاس کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے چار پاکستانی شہریوں کو ’آرڈر آف فرینڈ شپ‘ ایوارڈ سے نوازا۔ ایوارڈ حاصل کرنے والے یہ پاکستانی شہری پاکستانی فوج کے اس ریسکیو مشن کا حصہ تھے جس میں ایک روسی کوہ پیما کو پاکستان کے شمالی علاقے میں ریسکیو کیا تھا۔
ان افراد کو ایوارڈ دینے کا اعلان روس کے سرکاری گزٹ میں جاری کیے گئے ایک بیان کے ذریعے کیا گیا۔ بیان کے مطابق اعلیٰ روسی ایوارڈ حاصل کرنے والے پاکستانی شہریوں میں قاضی محمد، عابد رفیق، محمد انجم رفیق اور فخر عباس شامل ہیں۔
رواں برس جولائی کے مہینے میں دو روسی کوہ پیما پاکستان کے شمالی علاقوں میں بیافو گ گلیئشر کی لیٹوک ون نامی چوٹی سر کرنے کی کوشش کی دوران پھنس گئے تھے۔ روسی کوہ پیماؤں میں سینٹ پیٹرزبرگ سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما الیگزنڈر گوکوف اور ان کے ساتھ سیرگئی گلازونوف شامل تھے۔
دونوں کوہ پیماؤں کے پاس تین روز سے خوراک ختم ہو چکی تھی اور پچیس جولائی کے روز وہ ایک مقام پر پھنس گئے۔ اس دوران گلازونوف چوٹی سے گر کر ہلاک ہو گئے تاہم گوکوف کو ریسکیو کرنے کی کوششیں جاری رکھی گئیں۔
بیس ہزار فٹ سے زائد کی بلندی پر پھنسے اس روسی کوہ پیما کو آخر کار اکتیس جولائی کے روز ریسکیو کر لیا گیا تھا۔ یہ امر بھی اہم ہے کہ پاکستانی فوج کے ریسکیو اہلکاروں نے پہلی مرتبہ اتنی بلندی پر کوئی کامیاب امدادی کارروائی کی تھی۔
ش ح / ا ب ا (ٹاس)