طالبان کی مقبولیت میں کمی کا رجحان
11 جنوری 2011طالبان کی جانب سے اسکولوں، مساجد اور عام لوگوں کو خود کش بم حملوں کے ذریعے نشانہ بنائے جانے کو قبائلی علاقوں میں اب پسندیدگی کی نظر سے نہیں دیکھا جا رہا۔ ان حملوں کی وجہ سے قبائلی باشندے آہستہ آہستہ اس جہادی رویے سے تنگ آنے لگے ہیں اور طالبان کی مقبولیت میں کمی واضح طور پر محسوس کی جا رہی ہے۔ اس مناسبت سے پشاور یونیورسٹی کے ایک طالب علم جمیل الرحمان کا کہنا ہے کہ طالبان کی پسندیدگی کا گراف روبہ زوال ہے، لوگ ان سے دوری اختیار کرنے پر مجبور ہیں اور ان کو پسند کرنے کے حجم میں بڑی کمی واقع ہو چکی ہے۔ جمیل الرحمان کا تعلق جنوبی وزیرستان سے ہے۔
اس خیال کے حامل بہت سے اور لوگ بھی ہیں اور ان کو یقین ہے کہ طالبان بہت جلد قبائلی پٹی میں بھی معدوم ہو جائیں گے کیونکہ عام لوگ مسلسل اپنے عزیزوں اور بچوں کی ہلاکت کے باعث غمزدہ ہونے کے ساتھ ساتھ ان کی سرگرمیوں کی وجہ سے معاشی اور معاشرتی پریشانی کی چکی میں بھی پس رہے ہیں۔ تمام معاشی سرگرمیاں ختم ہو چکی ہیں۔ پہلے سے انتہائی غریب اور پس ماندہ قبائلی معاشرہ اب مزید پریشان حال ہو چکا ہے۔
سن 2001 میں جہاد کے جذبے کے تحت ہزاروں پختون نوجوانوں نے افغانستان میں طالبان کی عسکری تحریک میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ اس دوران چندے کی بہت بڑی رقوم بھی جمع کی گئی تھیں۔ اب ایسے نوجوانوں میں سے سینکڑوں لاپتہ ہو چکے ہیں۔ بہت سے ایسے پاکستانی پٹھان اب افغان جیلوں میں رہائی کے منتظر ہیں۔ پاکستانی قبائلی علاقوں کی مذہبی آبادی نے افغان طالبان کا ابتداء میں خوش دلی سے استقبال کیا تھا۔ ان کو پشاور میں قائم ہونے والے مذہی سیاسی جماعتوں کے اتحاد، متحدہ مجلس عمل کی صوبائی حکومت کی مدد بھی حاصل رہی۔ اس اتحاد کو سن 2002 کے الیکشن میں عوامی حمایت پرزور انداز میں ملی تھی۔
اسی اتحاد کو سن 2008 کے پارلیمانی انتخابات میں صرف چھ سیٹیں حاصل ہوئی تھیں۔ طالبان کے خلاف نفرت پھیلنے کی ایک وجہ ان کے ہاتھوں مولانا حسن جان اور مفتی فاروق نعیمی جیسے علماء کا قتل بھی اہم خیال کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ مزارات کی توہین کو بھی خوش عقیدہ قبائلیوں اور پٹھانوں نے فراموش نہیں کیا۔ ان مسلح طالبان نے قبائلی علاقوں میں اب عدالتوں کا نظام بھی استوار کر دیا ہے۔ ان کی عدالت کے حکم پر گزشتہ دنوں ایک شخص کا ہاتھ کاٹ دیا گیا تھا۔ علماء کے قتل، مزاروں کی توہین، مساجد کی تباہی اور اسکولوں کے بموں سے اڑا دیے جانے سے قبائلی عوام پریشان ہیں اور ایسے امکانات کو تقویت حاصل ہو رہی ہے کہ کل جن طالبان کو قبائلیوں نے خوش آمدید کہا تھا، اب مستقبل قریب میں وہ ان کے خلاف خود ہی منظم نہ ہو جائیں۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: مقبول ملک