بھارتی خاتون نے ایک ہفتے میں دو بار ایورسٹ کو سر کر لیا
21 مئی 2017نیپالی دارالحکومت کھٹمنڈو سے موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق انشُو جمسینپا کی عمر 37 برس ہے، اور انہوں نے دنیا کی بلند ترین پہاڑی چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں دو بار سر کرنے کا ایک ایسا ریکارڈ قائم کر دیا ہے، جو ان سے قبل کوئی دوسری خاتون کبھی نہیں کر سکی تھی۔
بلااجازت ’دنیا کی چھت‘ پر چڑھنے کی کوشش، 22 ہزار ڈالر جرمانہ
ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والی کم عمر ترین لڑکی کی کہانی
ایورسٹ کو سات بار سر کرنے والی دنیا کی پہلی خاتون ایک نیپالی
انشُو جمسینپا نے 8,848 میٹر یا 29,028 فٹ بلند اس چوٹی کو، جسے دنیا کی چھت بھی کہا جاتا ہے، موجودہ سیزن کے دوران پہلے 16 مئی کو سرکیا، جس کے بعد کھ دیر آرام کرنے کے لیے وہ واپس زمین پر آ گئی تھیں۔
پھر ایک چھوٹے سے وقفے کے بعد انشُو جمسینپا نے دوبارہ ماؤنٹ ایورسٹ کا رخ کیا اور آج اتوار 21 مئی کو مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے وہ اس پہاڑی چوٹی کو دوبارہ سر کرنے میں کامیاب ہو گئیں۔
اے ایف پی نے لکھا ہے کہ انشُو جمسینپا، جو دو بچوں کی ماں ہیں، اب تک مجموعی طور پر پانچ مرتبہ ایورسٹ کر سر کر چکی ہیں۔ ان سے پہلے کسی خاتون کی طرف سے ایورسٹ کو دو بار سر کرنے کا ریکارڈ ایک نیپالی خاتون کوہ پیما چُھوریم شیرپا نے بنایا تھا لیکن انہوں نے بھی تب ایورسٹ کو ایک ہی سیزن میں دو بار سر کیا تھا۔
اس کے برعکس انشُو جمسینپا کا ریکارڈ اس لیے اور بھی اہم ہے کہ انہوں نے دنیا کی اس بلند ترین پہاڑی چوٹی کو ایک ہی سیزن میں دو بار لیکن ایک ہفتے سے بھی کم مدت میں سر کیا۔
اپنی زندگی میں ماؤنٹ ایورسٹ کو سب سے زیادہ مرتبہ سر کرنے کا کسی خاتون کا ریکارڈ نیپالی خاتون کوہ پیما لکھپا شیرپا نے ابھی گزشتہ ہفتے ہی قائم کیا تھا۔ اس سے قبل بھی یہ ریکارڈ انہی کے پاس تھا، لیکن گزشتہ ہفتے انہوں نے سات مرتبہ کا اپنا یہی ریکارڈ مزید بہتر بناتے ہوئے ماؤنٹ ایورسٹ کو آٹھویں مرتبہ سر کر لیا تھا۔