عمران خان اسلام آباد ہائیکورٹ سے گرفتار
9 مئی 2023پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو منگل کے روز اسلام آباد سے گرفتار کر لیا گیا۔ نیم فوجی فورس رینجرز کے اہلکاورں نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے گرفتار کیا گیا۔ پی ٹی آئی کی جانب سے ایک پیغام میں کہا گیا ہے، ''عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ کی ڈائری برانچ سے رینجرز نے گرفتار کیا گیا، جہاں وہ ایک مقدمے کے سلسلے میں 'بائیو میڑک‘ کروانے کے لیے موجود تھے۔
زمان پارک آپریشن: عمران خان کتنی دیر تک بچ سکیں گے؟
فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر لکھا کہ عمران خان کو عدالت کے احاطے سے اغوا کر لیا گیا ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کو نامعلوم افراد نامعلوم مقام پر لے گئے ہیں۔
ادھر اسلام آباد پولیس نے انسپکٹر جنرل پولیس کے حوالے سے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کو نیب نے القادر ٹرسٹ کیس میں حراست میں لیا۔ ان کے مطابق، جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں حالات 'معمول کے مطابق ہیں۔‘ اسلام آباد پولیس کا اس ٹویٹ میں یہ بھی کہنا تھا کہ 'دفعہ 144 نافذ العمل ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔‘ عمران خان کو حراست میں لیے جانے کے بعد ہائیکورٹ کے احاطے میں احتجاجی مظاہرہ جاری ہے۔
جیو نیوز کے مطابق عمران خان کی گرفتاری کے وارنٹ یکم مئی کو نیب چیئرمین کے دستخطوں سے جاری کیے گئے تھے۔ عمران خان کو حراست میں لیے جانے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو فوری طور پر عدالت میں طلب کر لیا۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا اس گرفتاری کے دوران عدالتی احاطے میں توڑ پھوڑ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
عمران خان کے وکلا نے عدالت سے استدعا کی کہ عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے باہر لے جانے کی اجازت نہ دی جائے۔
ش ر ⁄ ع ا (روئٹرز)