قادری کو ’پلیٹ فارم‘ دینے والے ٹی وی چینلز پر جرمانہ
11 جنوری 2011پاکستانی ذرائع ابلاغ نے الیکٹرانک میڈیا کی نگرانی کرنے والے ادارے پیمرا کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ جرمانے ’سما ٹی وی‘ اور ’وقت ٹی وی‘ پر عائد کیے گئے ہیں۔ ان دونوں اداروں کو دس دس لاکھ روپے ادا کرنا ہوں گے۔
بتایا جاتا ہے کہ ان ٹیلی وژن چینلز نے گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل کا اعتراف کرنے والے مَلک ممتاز حسین قادری کے انٹرویوز نشر کیے۔ پیمرا کے اعلامیے کے مطابق ان سیٹیلائٹ چینلز نے سلمان تاثیر کے قتل کی کوریج کے دوران ضوابط کی خلاف ورزی کی۔
پیمرا کا کہنا ہے کہ ان چینلز کو چار جنوری کو ہی نوٹس جاری کر دیے گئے تھے اور انہیں اس حوالے سے چھ اور دس جنوری کو منعقد ہونے والی سماعتوں کے دوران وضاحت کے لئے مناسب موقع دیا گیا۔ پیمرا ذرائع کے مطابق اس حوالے سے جرمانہ منگل کو عائد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی صوبے پنجاب کے گورنر سلمان تاثیر کو ان کے ایک باڈی گارڈ مَلک ممتاز حسین قادری نے گزشتہ ہفتے قتل کر دیا تھا۔ قادری نے میڈیا اور عدالت کو بتایا کہ اس نے سلمان تاثیر کو ان کی توہین رسالت کے قانون سے مخالفت پر قتل کیا۔
سلمان تاثیر کو پاکستان کے روشن خیال سیاستدانوں میں خیال کیا جاتا رہا ہے۔ انہوں نے نومبر میں ایک ضلعی عدالت کی جانب سے توہین رسالت کے الزام میں سزائے موت کا سامنا کرنے والی خاتون آسیہ بی بی کی کھل کر حمایت کی تھی اور ان سے جیل میں ملاقات کے لئے پہنچ گئے تھے۔ اس وقت انہوں نے توہین رسالت کے قانون میں ترمیم کا عندیہ بھی دیا تھا، جس پر انتہاپسندانہ نظریات رکھنے والی جماعتوں کی جانب سے سخت ردِعمل سامنے آیا تھا۔
رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے
ادارت: شادی خان سیف