لاہور کے شاہی قلعے میں ’ورلڈز آف کلچر‘ کی نمائش
جرمنی کے وفاقی دفتر خارجہ کی معاونت سے لاہور میں ورلڈز آف کلچر (ثقافتوں کی دنیائیں) کے عنوان سے ایک تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ پاکستان میں ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے کے لیے جرمنی گزشتہ چار دہائیوں سے کام کر رہا ہے۔
ثقافتوں کی دنیائیں
اس نمائش میں جرمنی کے تعاون سے ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے کے پروگرام کے تحت مکمل کیے جانے والے پندرہ منصوبوں کی تفصیلات پیش کی گئیں۔
شاہی قلعے میں تصاویری نمائش
نمائش کا اہتمام لاہور کے تاریخی شاہی قلعے میں کیا گیا۔ جرمنی کی مدد سے والڈ سٹی لاہور اتھارٹی نے اس شاہی قلعے میں موجود ایک تصویری دیوارکو کامیابی کے ساتھ اصلی شکل میں بحال کرکے محفوظ بنایا ہے۔ شاہی قلعے کی یہ دیوار مغلیہ دور کے تعمیراتی کارکنوں کی غیر معمولی مہارت اور ہنر مندی کی عکاس ہے۔
ثقافتی ورثہ قوموں کی شناخت کا لازمی جزو
اس نمائش کا افتتاح پاکستان میں جرمنی کے سفیر بیرنہارڈ شِلاگ ہیک نے کیا۔ اس موقعے پر ان کا کہنا تھا کہ ثقافتی ورثہ قوموں کی شناخت کا لازمی حصہ ہوتا ہے اس لیے ثقافتی ورثے کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ یاد رہے انیس سو اسی کی دہائی کے آغاز سے لے کر اب تک جرمنی پاکستان میں ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے کے لیے تقریباﹰ ایک ملین یورو خرچ کر چکا ہے۔
ثقافتی مکالمہ
جرمنی کے سفیر نے شرکاء کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ تاریخی عمارتوں کی بحالی کے حوالے سے جرمنی کی مہارت کو دوسرے ملکوں کے ساتھ بانٹنے سے نہ صرف شراکت داری کا جزبہ پروان چڑھتا ہے بلکہ ثقافتی مکالمے کو بھی فروغ ملتا ہے۔
جرمنی پاکستان میں ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے میں پیش پیش
اس نمائش کے شرکاء کو بتایا گیا کہ جرمنی کے وفاقی محکمے نے انیس سو اکیاسی میں ثقافتی اہمیت کی حامل عمارات کو محفوظ بنانے کے ایک پروگرام کا آغاز کیا تھا۔ اس کا مقصد ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانا، ثقافتی تنوع کو فروغ دینا اور لوگوں کو ان کی قومی شناخت کے حوالے سے مزید آگاہی فراہم کرنا تھا۔
افتتاحی قریب میں طلبہ و طالبات کی شرکت
اس نمائش میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے۔ افتتاحی تقریب میں آرٹس اورثقافت سے دلچسپی رکھنے والے افراد کے علاوہ فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والے تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات بھی شریک ہوئے۔
جرمن سفیر کو لاہور سے متعلق ایک کتاب پیش کی گئی
پاکستان میں جرمنی کے سفیر کو لاہور شہر سے متعلق لکھی گئی ایک کتاب بھی پیش کی گئی۔ ان کو والڈ سٹی لاہور کی اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری کی طرف سے تہنیتی تحائف بھی پیش کیے گئے۔
نمائش کی تشہیر
شاہی قلعے کی سیر کو آنے والے سیاحوں کی بڑی تعداد نے اس نمائش میں دلچسپی لی۔ اس نمائش کی تشہیر کے لیے شاہی قلعے کے مختلف حصوں میں تعارفی اسٹینڈیز بھی نصب کیے گئے۔
لاہور کے تاریخی گھروں کی بحالی
جرمنی نے اندرون شہر کے علاقے گلی سرجان سنگھ میں بارہ تاریخی گھروں کی بحالی اور ان کی خوبصورتی کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ بنانے کے لیے بھی معاونت فراہم کی تھی۔ اس منصوبے کو دوہزار چودہ میں یونیسکو ایشیا پیسفل ایوارڈ برائے ثقافتی بحالی بھی دیا گیا تھا۔