1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمشرق وسطیٰ

لبنان پر اسرائیلی حملے، ہلاکتوں کی تعداد اب سات سو سے زائد

27 ستمبر 2024

تازہ اسرائیلی حملے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں لبنان میں جنگ بندی کے لیے زور پکڑتے مطالبات کے دوران کیے گئے۔ لبنانی حکام کے مطابق جمعے کے روز سرحدی قصبے شعبہ پر اسرائیلی حملے میں ایک ہی خاندان کے نو افراد ہلاک ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/4l9tC
جمعے کے روز اسرائیلی فضائیہ کے حملے میں ایک ہی خاندان کے نو افراد ہلاک ہو گئے
جمعے کے روز اسرائیلی فضائیہ کے حملے میں ایک ہی خاندان کے نو افراد ہلاک ہو گئےتصویر: Louisa Gouliamaki/REUTERS

لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق جمعے کے روز صبح تقریباﹰ تین بجے اسرائیلی فضائیہ نے سرحدی قصبے شعبہ پر حملہ کیا جس میں ایک ہی خاندان کے نو افراد ہلاک ہو گئے۔ رپورٹ میں مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں اور اسرائیلی فوج نے بھی اب تک کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

کیا یورپ لبنان میں بڑھتے تشدد پر قابو پانے میں مدد کر سکتا ہے؟

اس دوران لبنان کی وزارت صحت نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں اس ہفتے لبنان میں تقریباً 700 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان حملوں میں ڈرامائی طور پر اضافہ ہوا ہے اور اسرائیل حزب اللہ کی فوجی صلاحیتوں اور سینئر حزب اللہ کمانڈروں کو نشانہ بنا رہا ہے۔

حزب اللہ کو تباہ کردینے کی دھمکی

اسرائیل کے اعلیٰ حکام نے دھمکی دی کہ اگر حزب اللہ کی فائرنگ جاری رہی تو لبنان میں بھی غزہ کی طرح تباہی دہرائی جائے گی۔

انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن نے جمعرات کو کہا کہ حزب اللہ نے حماس کی حمایت میں شمالی اسرائیل پر جب سے راکٹ داغنے شروع کیے ہیں، اس کے بعد سے لبنان میں 200,000 سے زیادہ لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔

حزب اللہ نے کہا کہ اس نے جمعے کو اسرائیل میں حیفہ شہر کے قریب کریات عطا اور تبریاس کے شہروں پر راکٹ فائر کیے۔

لبنان: اسرائیلی حملے، حزب اللہ کے کمانڈر سمیت 37 افراد ہلاک

اگرچہ اسرائیلی فضائی دفاع نے بہت سے میزائیلوں کو مار گرایا لیکن حزب اللہ کے ان حملوں کی وجہ سے زیادہ تر علاقوں میں عام زندگی تھم گئی۔

فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے کہا کہ اسرائیل اقوام کا رکن رہنے کا مستحق نہیں ہے
فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے کہا کہ اسرائیل اقوام کا رکن رہنے کا مستحق نہیں ہےتصویر: Bianca Otero/ZUMA Press/IMAGO

اسرائیلی حملے میں پانچ شامی فوجی ہلاک

 شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کے مطابق آج بروزجمعہ لبنان کی سرحد کے قریب اسرائیلی فضائی حملے میں پانچ شامی فوجی ہلاک ہو گئے۔ ایجنسی نے شامی فوجی زرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، ''اسرائیلی دشمن نے شام اور لبنان کی سرحد پر کفار یابس کے قریب ہماری ایک فوجی پوزیشن پر ... فضائی حملہ کیا۔‘‘ بتایا گیا ہے کہ اس حملے میں ایک شامی فوجی زخمی بھی ہوا۔

فائربندی پر بات جاری رہے گی

امریکہ، فرانس اور دیگر اتحادیوں نے جمعرات کو مشترکہ طور پر لبنان میں اکیس دن کی فائربندی کا مطالبہ کیا تھا۔ لبنان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک فائر بندی کی کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔

لیکن اسرائیل کے وزیر خارجہ نے ایران کے حمایت یافتہ حزب اللہ گروپ کے ساتھ  فائربندی کی عالمی اپیلوں کو مسترد کر دیا اور فضائی حملے جاری رکھنے پر زور دیا۔ اس صورت حال کی وجہ سے خطے میں جنگ کی شدت میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

اس دوران اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے جمعہ کو کہا کہ آنے والے دنوں میں لبنان میں فائر بندی کی تجاویز پر بات چیت جاری رکھیں گے۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا،"ہماری ٹیموں نے (26 ستمبر) کو امریکی اقدام پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ملاقات کی کہ ہم لوگوں کو محفوظ طریقے سے ان کے گھروں کو واپس لوٹنے کے مشترکہ مقصد کو کیسے آگے بڑھا سکتے ہیں۔ ہم آنے والے وقت میں ان بات چیت کو جاری رکھیں گے۔"

اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا کہ آنے والے دنوں میں لبنان میں فائر بندی کی تجاویز پر بات چیت جاری رکھیں گے
اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا کہ آنے والے دنوں میں لبنان میں فائر بندی کی تجاویز پر بات چیت جاری رکھیں گےتصویر: OHAD ZWIGENBERG/AFP

اسرائیل سے اقوام متحدہ کی رکنیت چھین لی جائے، عباس

فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے جمعرات کو کہا کہ اسرائیل کو تنازعہ کے حل کے لیے دو ریاستی قرارداد کو قبول کرنے اور فلسطینی پناہ گزینوں کی ان کے گھروں کو واپسی کی اجازت دینے میں ناکامی پر اقوام متحدہ کی رکنیت چھین لینی چاہیے۔

عباس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ''اسرائیل، جو اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد سے انکار کرتا ہے، وہ اس بین الاقوامی تنظیم کا رکن رہنے کا مستحق نہیں ہے۔" انہوں نے کہا، "ہم اس معاملے پر یو این جی اے میں درخواست جمع کرانے جا رہے ہیں۔"

عباس نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ فلسطین کو ایک رکن ریاست کے طور پر تسلیم کیا جائے۔ اس اقدام کی منظوری کو امریکہ نے سلامتی کونسل میں روک دیا ہے ۔

فلسطینی اتھارٹی کے صدر نے سوال کیا،"امریکہ ہمارے لوگوں کو اس بنیادی حق سے محروم کرنے پر اصرار کیسے کر سکتا ہے؟"

ج ا ⁄  ش ر ⁄ ا ا (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز)