1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع کہہ دیا

26 جولائی 2019

پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ اپنی توجہ محدود اوورز کے میچوں پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3MmM1
ICC Cricket World Cup - Indien v Pakistan
تصویر: AFP/D. Sakar

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اہم ستون محمد عامر نے جمعے کے دن ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ محدود اوورز کے میچوں میں اپنی توجہ مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔ نو سال قبل سپاٹ فکسنگ کی زد میں آنے والے ستائیس سالہ اس کھلاڑی کے کیریئر کو ایک دھچکا لگا تھا۔ یہ الزام ثابت ہونے پر انہیں پانچ برس کی پابندی بھگتنا پڑی تھی، جس کی وجہ سے دنیائے کرکٹ میں پاکستان کی جگ ہنسائی تو ہوئی ہی لیکن ساتھ ہی عامر اپنا بھرپور ٹیلنٹ دیکھانے میں بھی ناکام رہے۔

محمد عامر کو پاکستان میں وسیم اکرم کے بعد بائیں بازو کا بہترین بولر قرار دیا جاتا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں عامر کے حوالے سے بیان کیا گیا کہ وہ سفید گیند کی کرکٹ پر زیادہ دھیان چاہتے ہیں۔ عامر نے کہا، ''کرکٹ کے روایتی فارمیٹ میں پاکستانی ٹیم کی عمدہ کارکردگی کا حصہ بننے پر مجھے بہت زیادہ عزت محسوس ہوئی۔‘‘

محمد عامر اس وقت انگلینڈ میں ہیں، جہاں وہ ایسکس کے لیے انگلش کاؤنٹی کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے سترہ برس کی عمر میں بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا تھا اور اپنے قدرتی ٹیلنٹ کی وجہ سے وہ ناقدین کی نظروں میں آ گئے تھے۔ سن دو ہزار نو میں انہوں نے سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے اپنے اولین ٹیسٹ میچ میں ہی چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کر دیا تھا۔

سن دو ہزار دس میں عامر نے انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی۔ انگلینڈ کے خلاف چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انہوں نے بیس وکٹیں حاصل کیں لیکن لارڈز میں کھیلے گئے چوتھے ٹیسٹ میچ میں عامر اور دیگر دو پاکستانی کھلاڑیوں سلمان بٹ اور محمد آصف پر اسپاٹ فکسنگ کے الزامات لگے، جو بعد ازاں ثابت بھی ہو گئے۔

یوں محمد عامر نے تب دیگر دونوں پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ انگلینڈ میں مختصر جیل بھی کاٹی۔ انہی الزامات کی وجہ سے ان پر پانچ سال کی پابندی عائد کر دی گئی۔ عامر نے پابندی کے بعد سن دو ہزار سولہ میں بین الاقوامی کرکٹ میں دوبارہ قدم رکھا اور ایک مرتبہ پھر عمدہ کارکردگی دکھائی۔

مجموعی طور پر محمد عامر نے 36 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 116 وکٹیں حاصل کیں۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اگر عامر طویل عرصے تک پابندی کا شکار نہ رہتے تو ان کا ٹیسٹ کیریئر بھی تابناک ہوتا۔ عامر نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ ویسٹ انڈیز کے خلاف کنگسٹن میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں کیا، تب انہوں نے ایک اننگز میں چوالیس رنز دے کر چھ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھلائی تھی۔ انہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ رواں برس ہی جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا۔

ع ب / ا ا / خبر رساں ادارے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں