1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مصر میں فرعونوں کے دور کے درجنوں تابوتوں کی سنسنی خیز دریافت

10 جولائی 2020

مصر میں ماہرین آثار قدیمہ کو فراعین کے دور کے ایسے درجنوں تابوت ملے ہیں، جو آج بھی بہت اچھی حالت میں ہیں۔ جنوبی مصر میں تین ہزار سال سے بھی زیادہ پرانی حنوط شدہ لاشوں والے یہ تیس تابوت الاقصر میں کھدائی کے دوران ملے۔

https://p.dw.com/p/3Razv
ہزاروں سال پرانے ان تابوتوں میں بند حنوط شدہ لاشیں بھی اب تک تقریباﹰ اپنی اصلی حالت میں ہیںتصویر: Reuters/A. Abd El Ghany

ماہرین ان قدیمی نوادرات کی دریافت کو جدید آرکیالوجی کے لیے انتہائی سنسی خیز واقعات میں سے ایک قرار دے رہے ہیں۔ یہ سب تابوت لکڑی کے بنے ہوئے ہیں اور ان پر مختلف روغنوں سے رنگا رنگ نقس و نگار بھی بنے ہوئے ہیں۔

Ägypten Tal der Könige in Luxor | Präsentation Sarkophag-Fund, 30 Särge
یہ تابوت جنوبی مصر میں آثار قدیمہ کے خزانوں کا عظیم مدفن سمجھے جانے والے علاقے الاقصر میں العساسیف نامی قدیمی قبرستان سے ملےتصویر: Reuters/A. Abd El Ghany

ماہرین آثار قدیمہ کے مطابق ان میں سے پہلا تابوت زمین سے صرف ایک میٹر کی گہرائی میں دریافت ہوا اور اس کے بعد جب مزید کھدائی کی گئی، تو قریب ہی ایک قطار کی صورت میں وہیں پر مزید انتیس دیگر تابوت بھی رکھے ہوئے ملے۔

العساسیف کا قدیمی قبرستان

قاہرہ سے ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق لکڑی کے یہ تابوت جنوبی مصر میں آثار قدیمہ کے خزانوں کا عظیم مدفن سمجھے جانے والے علاقے الاقصر میں العساسیف نامی اس قدیمی قبرستان سے ملے، جہاں سے پہلے بھی بہت سے نوادرات نکالے جا چکے ہیں۔

قدیم مصر میں اس قبرستان میں اہم سماجی اور مذہبی شخصیات کو دفن کیا جاتا تھا۔ یہ 30 تابوت وہاں تین ہزار سال سے بھی زیادہ عرصہ قبل دفن کیے گئے تھے اور ان کی حالت آج بھی غیر معمولی حد تک اچھی بتائی گئی ہے۔

مصر میں آثار قدیمہ سے متعلقہ امور کے ملکی وزیر ڈاکٹر خالد العنانی نے صحافیوں کو بتایا، ''مصر میں انیسویں صدی عیسوی کے اختتام کے بعد سے یہ پہلا موقع ہے کہ ہمیں ازمنہ قدیم کے اور انسانی جسموں کی باقیات والے اتنے زیادہ تابوت اکٹھے ملے ہیں، جو آج بھی حیران کن حد تک اچھی حالت میں ہیں۔‘‘

بچوں اور مذہبی شخصیات کے تابوت

مصری حکام کے مطابق ابتدائی جائزوں سے پتہ چلا ہے کہ ہزاروں سال قبل یہ تابوت تب انتقال کر جانے والے بچوں اور سماجی طور پر مذہبی رہنماؤں یا کاہنوں کا کردار ادا کرنے والے مردوں اور عورتوں کے لیے تیار کیے گئے تھے۔

ان تابوتوں اور ان میں رکھی گئی حنوط شدہ انسانی لاشوں کا تعلق فرعونوں کے دور کے 22 ویں حکمران خاندان سے ہے، جس کا اقتدار تین ہزار سال سے بھی پہلے شروع ہو گیا تھا۔ حیران کن بات یہ بھی ہے کہ اتنا زیادہ عرصہ گزر جانے کے باوجود لکڑی کے ان تابوتوں پر سیاہ، سرخ اور زرد رنگوں سے بنے اژدھوں، پرندوں اور طرح طرح کے پھولوں والے نقش و نگار آج بھی واضح طور پر پہچانے جا سکتے ہیں۔

Ägypten Tal der Könige in Luxor | Präsentation Sarkophag-Fund, 30 Särge
ان تابوتوں کی دریافت کے بعد ان کی فوری طور پر بہت ہی ہلکی پھلکی مرمت کرنا پڑیتصویر: Getty Images/AFP/K. Desouki

نواح میں انسانی آبادی نہ ہونے کا فائدہ

آثار قدیمہ کی دیکھ بھال اور مرمت کے مصری ماہر صالح عبدالجلیل نے نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ ان تابوتوں کی دریافت کے بعد ان کی فوری طور پر بہت ہی ہلکی پھلکی مرمت کرنا پڑی۔

انہوں نے کہا، ''غالب امکان یہ ہے کہ ازمنہ قدیم کے یہ درجنوں تابوت اس لیے آج بھی بہت اچھی حالت میں ہیں کہ العساسیف نامی قدیمی قبرستان کے گرد و نواح میں شاید ہی کبھی کوئی انسانی آبادی رہی ہو۔‘‘

میوزیم میں نمائش 2020ء سے

آثار قدیمہ کے مصری وزیر ڈاکٹر خالد العنانی نے بتایا کہ ان نودریافت شدہ نوادرات کو اگلے برس دوبارہ کھولے جانے والے اور زیادہ بڑے بنا دیے گئے 'ایجِپشن میوزیم‘ میں نمائش کے لیے رکھ دیا جائے گا۔

Ägypten Tal der Könige in Luxor | Präsentation Sarkophag-Fund, 30 Särge
آثار قدیمہ کے ماہرین کو ایسے تیس تابوت ملے ہیں اور یہ تقریباﹰ سوا سو سال بعد اپنی نوعیت کی سب سے بڑی اور بیش قیمت دریافت ہےتصویر: Reuters/A. Abd El Ghany

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسی انتہائی قیمتی دریافتیں مصری تاریخ اور قدیم تہذیب کے خزانوں کے طور پر مصر اور ساری دنیا کے لیے ناقابل بیان اہمیت کی حامل ہیں۔

مصر میں دریائے نیل کے کنارے 'بادشاہوں کی وادی‘ کہلانے والے علاقے میں ان نوادرات کی موجودگی کا علم ہونے کے بعد انہیں زمین سے نکالنے کا کام تقریباﹰ دو ماہ قبل شروع کیا گیا تھا۔

اس سے قبل 1881ء اور 1898ء میں بھی مصر میں الاقصر کے مقام سے ہزاروں سال پرانے ایسے کئی تابوت ملے تھے، جن میں قدیم بادشاہوں کی حنوط شدہ لاشیں بند تھیں۔

اس کے علاوہ اسی علاقے سے 1891ء میں ماہرین آثار قدیمہ کو کئی ایسے تابوت بھی ملے تھے، جن میں ازمنہ فراعین کی سرکردہ مذہبی شخصیات یا کاہنوں کی حنوط شدہ لاشیں موجود تھیں۔

م م / ع ح (اے ایف پی، ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں