نئے مکانات کی تعمیر روکنا خارج از امکان: اسرائیلی وزیر اعظم
22 مارچ 2010شدید عالمی دباؤ کے باوجود اسرائیلی وزیراعظم نے کہا ہے کہ انہوں نے امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کو لکھ بھیجا ہے کہ وہ اس معاملے پراپنے تمام تر شکوک ختم کر دیں۔ انہوں نے یہ بیان امریکہ روانگی سے کچھ دیر قبل ہی دیا۔
نیتن یاہو نے کہا کہ مشرقی یروشلم میں نئی بستیاں تعمیر کرنا ویسا ہی ہے جیسا کہ تل ابیب میں بستیاں تعمیر کرنا۔ نیتن یاہو منگل کو امریکی صدرباراک اوباما سے ملاقات کریں گے۔ توقع ہے کہ اس دوران اس معاملے پر بھی گفتگو کی جائے گی۔
متنازعہ مشرقی یروشلم میں سولہ سو نئے مکانات کی تعمیر کے اسرائیلی فیصلے پرخطے میں صورتحال تناؤ کا شکارہے۔ اتوارکو نتین یاہو نے یروشلم میں مشرق وسطیٰ کے لئے خصوصی مندوب جورج مچل سے بھی ملاقات کی۔
جورج مچل نے اپنی اس ملاقات کے دوران اسرائیلی وزیراعظم کو دعوت دی کہ وہ اپنے دورہ امریکہ کے دوران امریکی صدر سے بھی ملاقات کریں۔ خطے میں کشیدہ صورتحال کی وجہ سے جورج مچل نے اپنا طے شدہ دورہ مشرق وسطیٰ موخر بھی کیا تھا۔
اتوار کے دن ہی اسرائیلی وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون سے بھی اہم ملاقات کی۔ بان کی مون اسرائیلی اور فلسطینی رہنماؤں کے مابین امن مذاکرات کی بحالی کی کوششوں کے لئے خطے کا دوروزہ دورہ کررہےتھے۔
ان ملاقاتوں کے بعد نیتن یاہو نے کہا کہ وہ فلسطینی رہنماؤں کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات کا دائرہ کار وسیع کرنے کے لئے تیارہیں۔ یہ مذاکرات جورج مچل کی ثالثی کی کوششوں سے ممکن ہوئے ہیں۔ اسرائیل اورحماس جنگجوؤں کے مابین ہونے والی مختصرجنگ کے بعد سے دونوں فریقین کے مابین کوئی سفارتی رابطہ نہیں ہے۔
نیتن یاہو نے ابھی تک ان مذاکرات میں وسعت کے حوالے سے کوئی تفصیلات عام نہیں کی ہیں تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اس کے تحت دونوں فریقین تمام غیرمعمولی تنازعات پر کھل کر بات کریں گے، جس میں یروشلم کا مستقبل ، سرحدوں کا تعین اور فلسطینی پناہ گزینوں جیسے تمام اہم نکات شامل ہوں گے۔
دوسری طرف خبر رساں ادارے AFP کے مطابق نیتن یاہو کے تازہ ترین بیان پر فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس نے فوری طور پر اپنا شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ محمود عباس نے مغربی اردن میں حالیہ مظاہروں کے دوران ہلاک کئے گئے چار فلسطینیوں پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔
مغربی اردن میں فلسطینی غزہ پٹی کی ناکہ بندی اور نئی یہودی آبادی کاری کے خلاف مظاہرے کررہے ہیں۔ دریں اثناء اتوار کے دن بان کی مون نے محمود عباس سے اپنی ایک ملاقات میں غزہ کی ناکہ بندی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ جلد ازجلد یہ ناکہ بندی ختم کر دیں۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: عابد حسین