نیوزی لینڈ نے بھی کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی
13 مارچ 2011کرکٹ ورلڈ کپ میں گروپ اے کے ایک میچ میں نیوزی لینڈ نے کینیڈا کو ستانوے رنز سے ہرا دیا ہے۔ یہ میچ اتوار کو بھارت کے شہر ممبئی میں کھیلا گیا۔
نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر تین سو اٹھاون رنز بنائے۔ کینیڈا کی ٹیم ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پچاس اوورز میں نو کھلاڑیوں کے نقصان پر دو سو اکسٹھ رنز ہی بنا سکی۔
اس میچ میں برینڈن میکولم نے 101رنز بنائے جبکہ روز ٹیلر نے چوہتر رنز اسکور کیے۔ ان کی ٹیم کی جانب سے کوئی اور کھلاڑی نصف سنچری تک نہیں پہنچ پایا۔
دوسری جانب کینیڈا کے خلاف میچ میں کائل ملز نے دو اوورز اور چار گینیدیں ہی پھینکی تھیں کہ ان کی بائیں ران پر چوٹ آ گئی۔ بتایا گیا ہے کہ ان کی صحت کا درست اندازہ آئندہ دو روز تک لگایا جا سکے گا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ملز اس چوٹ کے باعث ورلڈ کپ کے آئندہ میچز میں شریک نہ ہو سکے تو نیوزی لینڈ کی ٹیم کے لیے یہ ایک بڑا دھچکا ہو گا۔ کیویز کے لیے یہ ایک مشکل وقت ہو سکتا ہے، جو ایک اہم چیلنجر کے طور پر ابھر رہے ہیں، حالانکہ وہ گروپ اے کا پہلا میچ آسٹریلیا کے ہاتھوں سات وکٹوں سے ہار گئے تھے۔
وہ گروپ اے میں کھیلے گئے پانچ میں سے چار میچ جیت چکے ہیں جبکہ اس گروپ میں ابھی وہ سری لنکا کا سامنا کریں گے۔
کینیڈا سے مقابلے کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں میچ ونر برینڈن میکولم نے کہا، ’انجریز ٹورنامنٹ کا لازمی حصہ ہیں۔ ہر ٹیم اس مرحلے سے گزر چکی ہے۔ ہمارے لیے یہ نئی رکاوٹ ہے،جسیے عبور کرنا ہوگا۔‘
اُدھر گروپ اے کی ٹیموں آسٹریلیا اور کینیا کا مقابلہ اس وقت بھارتی شہر بنگلور میں جاری ہے۔ آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر تین سو چوبیس رنز بنائے ہیں۔ کینیا کی اننگز جاری ہے۔
رپورٹ: ندیم گِل/ خبر رساں ادارے
ادارت: امجد علی