1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’نیٹو حملہ غیر ارادی تھا‘، اوباما کا زرداری کو فون

5 دسمبر 2011

امریکی صدر باراک اوباما نے اتوار کے دن اپنے پاکستانی ہم منصب آصف علی زرداری کو فون کر کے نیٹو حملے کے نتیجے میں پاکستانی فوجیوں کی ہلاکت پر اظہار افسوس کیا۔

https://p.dw.com/p/13MYR
امریکی صدر باراک اوباماتصویر: AP

اتوار کو وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں بتایا گیا کہ امریکی صدر باراک اوباما نے آصف علی زرداری کو فون کر کے پاکستانی فوجیوں کی ہلاکت کو ایک حادثہ اور غیر ارادی واقعہ قرار دیتے ہوئے اس پر افسوس کیا۔

چھبیس نومبر کو افغانستان میں تعینات مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی فضائیہ نے پاکستانی قبائلی علاقے مہمند ایجسنی میں واقع دو سرحدی چوکیوں پر حملہ کیا تھا۔ پاکستانی فوج کے مطابق اس حملے میں اس کے دو افسران سمیت چوبیس فوجی مارے گئے تھے۔ اس واقعے پر پاکستانی حکومت نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر نیٹو کی سپلائی لائن بند کر دی تھی۔ بعد ازاں اسلام آباد حکومت نے افغانستان کے بارے میں جرمن شہر بون میں منعقد ہو رہی بین الاقوامی کانفرنس کا بائیکاٹ بھی کر دیا تھا۔

Pakistan Präsident Asif Ali Zardari
پاکستانی صدر آصف علی زرداریتصویر: Abdul Sabooh

دہشت گردی کے خلاف جاری عالمی جنگ میں دونوں اتحادی ممالک کے مابین کشیدہ ہوتے ہوئے تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے امریکی حکومت کی کوششیں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں اب باراک اوباما نے بھی صدر زرداری سے فون پر بات چیت کی ہے۔ اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن بھی پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو فون کر کے اس ہلاکت خیز واقعے پر اظہار افسوس کر چکی ہیں۔

خبر ایجسنی اے ایف پی نے وائٹ ہاؤس کے حوالے سے بتایا ہے کہ اوباما نے زرداری سے ذاتی طور پر اظہار افسوس کیا، ’صدر اوباما نے پاکستانی صدر زرداری کو فون کیا اور چوبیس پاکستانی فوجیوں کی افسوسناک ہلاکت پر ذاتی طور پر تعزیت کی‘۔´اس واقعے نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان دونوں اتحادی ملکوں کے مابین پائی جانے والی خلیج مزید وسیع کر دی ہے۔

وائٹ ہاؤس کے جاری کردہ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ افغان سرحد سے ملحقہ مہمند ایجسنی کی دو سرحدی چیک پوسٹوں پر یہ فضائی حملہ غیر ارادی تھا، ’صدر اوباما نے یہ وضاحت بھی کی کہ پاکستانی فوجیوں پر یہ افسوسناک حملہ دانستہ طور پر نہیں کیا گیا۔ صدر اوباما نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس واقعے کی جامع اور مفصل تحقیقات کی جائیں گی‘۔

صدر اوباما نے اپنے پاکستانی ہم منصب کو ایک ایسے وقت پر فون کیا ہے، جب جرمن شہر بون میں آج پیر سے افغانستان کے بارے میں ایک بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز ہو رہا ہے۔ اس کانفرنس میں عالمی برادری افغانستان سے غیر ملکی افواج کے مکمل انخلاء کے بعد کی صورتحال پرتبادلہ خیال کرتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی واضح کرنے کی کوشش کرےگی۔ اس کانفرنس میں سو سے زائد ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے مندوبین شرکت کر رہے ہیں تاہم پاکستان نے نیٹو کے حملے کے بعد احتجاجی طور پر اس کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں