وقار پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ مقرر
27 فروری 2010وقار کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں یہ پیش کش کی کہ وہ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں۔ سابق فاسٹ بولر کے مطابق وہ اس ’امتحان‘ کے لئے تیار ہیں۔ اپنے زمانے کے ایکسپریس بولر وقار یونس کے مطابق موجودہ پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی انتہائی باصلاحیت ہیں اور کسی بھی مقابل ٹیم کے خلاف بہترین نتائج فراہم کرسکتے ہیں۔
وقار یونس 87 ٹیسٹ اور 262 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ’پی سی بی‘ نے وقار کو اگلے سال کے عالمی کپ تک ٹیم کے کوچ کی حیثت سے ذمہ داریاں نبھانے کا معاہدہ پیش کیا ہے۔
وقار سابق ٹیسٹ کپتان انتخاب عالم کی جگہ لیں گے۔ انتخاب عالم کے ساتھ اگرچہ دو سال کا معاہدہ کیا گیا تھا تاہم دورہء آسٹریلیا کے دوران ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باعث اس کی مدت میں کمی کردی گئی ہے۔
سن 1995ء سے اب تک پاکستانی کرکٹ ٹیم کے چودہ کوچ تبدیل کئے گئے ہیں۔ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ نے گزشتہ روز لاہور میں ایک پریس کانفرنس میں یہ عندیہ دیا کہ ہر سیریز کے لئے غیر ملکی ’کنسلٹنٹ‘ یعنی نگران مقرر کیا جاسکتا ہے۔ وقار یونس بھی اس تجویز سے متفق دکھائی دیتے ہیں۔
وقار کے مطابق وہ پاکستان جاکر معاہدے پر دستخط کرکے باقاعدہ طور پر کوچ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں نبھانا شروع کر دیں گے۔
رپورٹ: شادی خان سیف
ادارت: گوہر نذیر گیلانی